کراچی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا ہے کہ وہ مثبت رویے کے ساتھ ٹیم میں واپس آئے ہیں اور وہ آئندہ برس سے شروع ہونے والے عالمی کپ سے پہلے ٹیم میں زیادہ جوش پیدا کرنا چاہتے ہیں۔لاہور میں منگل کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح مثبت کرکٹ کھیلنا اور جیتنا ہے اور اس میں دفاعی حکمتِ عملی کی گنجائش نہیں ہے اور انھیں امید ہے کہ لڑکے اس بات کو سمجھیں گے۔یونس نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ماضی میں ان سے کچھ غلطیاں ہوئیں تاہم انھوں نے ان سے سبق سیکھا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ہر خاندان میں کوئی نہ کوئی مشکلات ہوتی ہیں تاہم اچھا کوچ وہ ہوتا ہے جو ان مشکلات پر قابو پا کر کھلاڑیوں کو متحد رکھتا ہے۔ یونس کے مطابق پاکستان کی کرکٹ ٹیم عالمی کپ شروع ہونے سے قبل سری لنکا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلے گی جس سے اسے عالمی کپ کی تیاری میں مدد ملے گی۔