لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سڑک کے کنارے بنی جھگی جھونپڑیوں میں اب بجلی کا کنکشن ملنا آسان ہوجائے گا۔ جھوپڑیوں میں کنکشن کیلئے اب رجسٹری وغیرہ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ نئے بندوبست کے تحت اب پٹری دکاندار بھی اپنا شناختی کارڈ دکھاکر بجلی کنکشن حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ حکم کمیشن کے چیئر مین دیش دیپک ورما نے یہاں جاری کیا۔
توانائی ریگولیٹری کمیشن کے میٹنگ ہال میں منعقد جلسہ میں کارپوریشن کے ڈائریکٹر تقسیم ایس کے پرساد ، وکاس چندر اگروال، کمیشن سکریٹری سنجے شریواستو، جی کے سنگھ، پردیپ ٹنڈن، ڈی ایس ورما، نوئیڈا پاور کمپنی کے جنرل منیجر راجیو گوئل اور ٹیریف ونگ کے مشیر محمد غفران خصوصی طور سے موجود تھے۔ جلسہ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ غریب جھگی جھونپڑی پٹری دکاندار کو بجلی کنکشن کیلئے رجسٹری پیش کرنا لازمی نہیں ہوگا جلد ہی قانون میں تبدیلی کی جائے گی۔ نئے بندوبست کے تحت اسے آدھار کارڈ، پین کارڈ، راشن کارڈ ، ووٹر آئی ڈی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، نیشنلائزڈ بینک کے کھاتے کا کاغذ ثبوت کے طو رپرکیمپس کے پتہ پر دستیاب کرانا ہوگا جس کی بنیاد پر درخواست دہندہ کو بجلی کا کنکشن مل جائے گا۔ کمیشن نے یہ بھی طے کر دیا کہ ایسے صارفین کے کیمپ پر بجلی محکمہ اپنے خرچ پر پری پیڈ میٹر لگائے گا حالانکہ میٹر کی قیمت صارفین سے ہرماہ کم سے کم ۱۰۰ روپئے میٹر کرایہ کے طور پر محکمہ وصول کرے گا۔ چیئر مین مسٹر ورما نے کہاکہ آنے والے وقت میں ان کیلئے بجلی کی شرح میں کچھ رعایت دیئے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ریاستی بجلی صارفین کونسل کے صدر اودھیش کمار ورما نے غریبوں کو بجلی کنکشن دینے کے نئے بندوبست کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے تاریخ
ی فیصلہ قرار دیا۔ صارفین کونسل نے جلسہ میں یہ تجویز پیش کی کہ کوئی بھی گھریلو صارف جن کی ایم ڈی آئی ایک ماہ بڑھنے پر ان کے لوڈ کو بڑھایا جانا غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی بار ایسا دیکھا گیا ہے کہ گھر میں تقریب وغیرہ ہونے پر لوڈ بڑھ جاتا ہے ایسے میں ان کا لوڈ ہمیشہ کیلئے بڑھا دیا جانا مناسب نہیںہے اس لئے سال میں اگر تین مہینے مسلسل ایم ڈی آئی بڑھی رہے تبھی لوڈ بڑھایا جائے۔ صارفین کونسل کی اس تجویز کوکمیشن کے چیئر مین دیش دیپک ورما نے تسلیم کرتے ہوئے جلد حکم جاری کرنے کی ہدایت دی۔ جلسہ میں عمارت کی تعمیر وغیرہ کیلئے دیئے جانے والے عارضی بجلی کنکشن کی مقررہ مدت دو سال سے بڑھاکر زیادہ سے زیادہ پانچ سال کرنے کاحکم دیا۔ جلسہ میں سسٹم لوڈنگ چارج کو ختم کرنے پر بھی غورکیا گیا اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد ہی سسٹم لوڈنگ چارج ختم ہو جائے گا۔