نئی دہلی۔ہندوستانی ٹیم بھلے ہی عالمی کپ میں نویں مقام پر رہی ہو لیکن ہاکی انڈیا نے سردار سنگھ پر اعتماد قائم رکھا ہے اور انہیں آئندہ دولت مشترکہ کھیلوں کیلئے قومی مرد ٹیم کا کپتان برقرار رکھا۔ ہاکی انڈیا نے آج اعلان کیا ہے کہ گول کیپر پی آر شری جیش 23 جولائی سے تین اگست تک گلاسگو میں چلنے والے دولت مشترکہ کھیلوں میں 16 رکنی ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے۔ہاکی انڈیا کے سلیکٹر بی پی گووندا، ہربندر سنگھ، آر پی سنگھ اور ارجن کلپپا نے ہائی پرفارمینس ڈائریکٹر رولیٹ اولٹمیس اور اہم کوچ ٹیری والش کے ساتھ مل کر کھلاڑیوںکو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا۔ منتخب ٹرائل 30 جون اور ایک جولائی کو میجر دھیان چند قومی اسٹیڈیم میں کیا گیا۔ابھی میجر دھیان چند قومی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کیمپ چل رہا ہے اور ٹیم کے 12 جولائی کو دولت مشترکہ کھیلوں کیلئے روانہ ہونے تک یہ جاری رہے گا۔ہندوستانی ٹیم 25 جولائی کو ویلز کے خلاف اپنا ابتدائی میچ کھیلے گی۔ اس کے بعد 26 جولائی کو اسکاٹ لینڈ، 29 جولائی کو آسٹریلیا اور 31 جولائی کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کھیلے جائیں گے۔ سال 2010 دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔