لکھنؤ(نامہ نگار)حسن گنج کے کھدرا علاقہ میں رہنے والے کے جی ایم یو میں ڈرائیور کے گھر جمعرات کی دوپہر ایک دردناک حادثہ ہوا۔ ڈرائیور کی دو معصوم بیٹیوں کی کولر سے کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی موت ہوگئی۔ دونوںمعصوم بچیوں کی اچانک ہوئی موت سے پورے کنبہ میں کہرام مچ گیا موقع پر پہنچی پولیس نے تفتیش کے بعد دونوں کو بغیر پوسٹ مارٹم کے کنبہ والوں کے حوالے کر دیا۔
حسن گنج کوتوالی انچارج دنیش سنگھ نے بتایا کہ کھدرا واقع ٹی جی ہاسٹل میں کے جی ایم میں تعینات ڈرائیور یوگیندر کمار اپنی بیوی سمتا اور تین بیٹیوں ۹سالہ پائل، ۶سالہ کاجل اور چار سالہ انچل کے ساتھ رہتا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ جمعرات کی دوپہر یوگیندر گھر سے رائے بریلی اپنے گاؤںجانے کیلئے نکلا۔ گھر میں اس کی بیوی اور تینوں بیٹیاںموجود تھیں۔ کاجل اور انچل گھر کے باہر کھیل رہی تھیں۔باہر ہی لوہے کے اینگل پر کولر رکھا ہواتھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کھیلتے کھیلتے کاجل نے کولر کا اینگل پکڑلیا اور وہ کولر میں چپک گئی۔ بہن کو کرنٹ لگتا دیکھ کر انچل نے اس کو بچانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی کولر میں چپک گئی۔ دونوں بچیوںکو کولر میں چپکا دیکھ کر پڑوسی خاتون نسیما نے شور مچا دیا۔ شور ہوتے ہی آس پاس کے لوگ مدد کیلئے جمع ہوگئے اس کے بعد کنبہ کے لوگ محلہ والوںکی مدد سے دونوں بچیوں کو علاج کیلئے ٹراما سینٹر لے
کر پہنچے جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔ اچانک ہوئی اس واردات سے کنبہ میں کہرام مچ گیا۔ وہیں بیٹیوں کی موت کی خبر پاکر رائے بریلی کیلئے نکلا یوگیندر بھی واپس آگیا۔ گھر پہنچ کر دونوں بیٹیوں کی لاش دیکھ کر یوگیندر کے ہوش اڑ گئے۔ وہیں اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی حسن گنج پولیس نے تفتیش شرع کی۔ پولیس نے بھی معاملہ کو حادثہ تسلیم کرتے ہوئے ڈرائیور سے اس سلسلہ میں تحریر لے کر دونوں بچیوں کی لاشوں کو بغیر پوسٹ مارٹم کے ہی ان کے سپرد کر دیا۔ حسن گنج علاقہ میں بدھ کو بھی ایک معصوم کی کولر سے کرنٹ لگنے سے موت ہو چکی ہے۔