لکھنؤ(نامہ نگار)سپلائی محکمہ کی ٹیم نے صبح گیارہ بجے مانک نگر کے مہدی کھیڑا میں ایک مکان پر چھاپہ مار کر غیر قانونی ریفلنگ پکڑی ہے۔ چھاپے کے دوران موقع سے کسی بھی شخص کے پکڑے جانے کی اطلاع نہیں ہے۔ لیکن موقع سے ۲۳گھریلو سلنڈر ، دو کامرشیل سلنڈر، ایک پانچ کلو کا سلنڈر، تین ریفلر، ایک رنچ، ایک پلاس اور تین سائیکلیں برآمد کی ہیں۔یہ اطلاع راجہ جی پورم کے ریجنل فوڈ افسر ابھے سنگھ نے دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ انہیں کافی دنوں سے اس علاقہ میں ناجائز ریفلنگ کی اطلاع مل رہی تھی۔ اسی کو دھیان میں رکھتے ہوئے آج صبح چھاپہ مارا گیا۔ مسٹر سنگھ نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے چھاپے سے قبل مقامی پولیس کو بھی اطلاع دے کر اپنے ساتھ لے لیا تھا۔ لیکن جب ٹیم موقع پر پہنچی تو مکان میں کوئی نہیں تھا ریفلنگ کرنے والے لوگ فرار ہو چکے تھے۔ مسٹر سنگھ نے مکان مالک سنجے کے خلاف ایف آئی آر درج کرا کر پکڑے گئے سلنڈر راجہ جی پورم گیس ایجنسی کے سپرد کر دیئے۔ چھاپہ مارنے گئی ٹیم میں ریجنل
فوڈ افسر گومتی نگر اے پی سنگھ، ہیمنت کمار،ابھے سنگھ، وشوناتھ یادو، ستیہ پرکاش یادو سمیت پولیس فورس موجود تھی۔