کابلنئی دہلی، 4 جولائی (یو این آئی) افغانستان میں کابل کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طالبان انتہا پسندوں نے کل اس وقت حملہ کردیا جب ہوائی خدمات فراہم کرنے والی ہندستان کی اہم پرائیوٹ کمپنی اسپائس جیٹ کا بوئنگ 737 طیارہ ایک سو سے زائد مسافروں کو لیکر نئی دہلی کے لئے پرواز بھرنے کی تیاری کررہا تھا۔افغان حکام نے بتایا کہ طالبان انتہاپسندوں نے دو راکٹ داغے جو افعان صدر حامد کرزئی کے ہیلی کاپٹرسے ٹکرائے۔ اس حملے میں فوج کے دو طیاروں کو بھی نقصان پہنچا لیکن کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
حملے کے بعد اسپائس جیٹ کے طیارے کی پرواز اس وقت روک دی گئی اور اسے بعد میں دوپہر بعد تین بجے روانہ کیا گیا، صحیح سلامت نئی دہلی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا۔ اس طیارے کو صبح 11:40 بجے کابل سے نئی دہلی کے لئے روانہ ہونا تھا۔ایئرپورٹ کے سربراہ یعقوب رسولی نے بتایا کہ طالبان انتہا پسندوں نے کل صبح 11:30 بجے دو راکٹ داغے، جس سے مجموعی طور پر چار ہیلی کاپٹروں کو نقصان پہنچا ہے۔یہ راکٹ دہ سبز علاقے سے داغے گئے تھے۔طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری لی ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا “ہم نے دشمن کو کافی نقصان پہنچایا ہے۔