لکھنؤ(نامہ نگار)ٹرینوں میں سفر کر رہے مسافروں کے موبائل فون لوٹنے والے گروہ کے چار بدمعاشوں کو کرشنا نگر پولیس نے جمعہ کی دوپہر گرفتار کیا ہے۔ ایس پی مشرق راجیش کمار نے بتایاکہ کرشنا نگر پولیس نے جمعہ کی دوپہر سرویلانس اور مخبر کی اطلاع پر بارہ بروا چوراہے کے نزدیک سے بس اسٹاپ سے چار مشتبہ افراد کو پکڑا۔
پولیس نے جب ان کی تلاشی لی تو ان کے قبضے سے نوکیا کے ۲۰موبائل، سیمسنگ کے ۶؍اور ۲۳مختلف کمپنیوں کے موبائل فون برآمد ہوئے۔ پوچھ گچھ میںملزمان نے بتایا کہ برآمد سبھی موبائل فون ان لوگوں نے لوٹے تھے۔ ملزمان نے اپنا نام، عالم باغ کا دلشاد عرف شیبو، سلمان، رامو اور رام کھیلاون بتایا۔ ملزمان نے بتایا کہ وہ لوگ لکھنؤ، کانپور، ہردوئی ریل روٹ پر سنسان جگہ پر کھڑے ہوجایاکرتے تھے۔ اس کے بعد ٹرین کے گیٹ کے نزدیک کھڑے مسافروں کے ہاتھ پر ڈنڈے اور راڈ سے حملہ کر کے ان کا موبائل گرا دیتے تھے۔ اس بعد جب ان لوگوں کے پاس موبائل فون کافی تعداد میں جمع ہو جاتے تھے تو موبائل فون کو کانپور اور لکھنؤ میں فروخت کر دیاکرتے تھے۔
اس کے علاوہ یہ لوگ ٹرین اور بسوں میں سوار لوگوں کا موبائل فون چوری کر لیا کرتے تھے۔ گروہ میںشامل سوبھاش اور دیگرکچھ اراکین ابھی فرار ہیں جن کی تلاش پولیس کر رہی ہے۔ اس گروہ کا لیڈر دلشاد پہلے بھی عالم باغ اور جی آر پی تھانہ سے چوری کے معاملہ میں جیل جا چکا
ہے۔