لکھنؤ(نامہ نگار)غازی پور کے اندرا نگر کی رہنے والی ایک خاتون کی ملازمہ نے خاتون کے بھانجے کسٹم افسر پر ہی آبروریزی کا الزام عائد کیا ہے۔ایس پی گومتی پار دنیش یادو نے بتایا کہ اندرا نگر علاقہ میں میونسپل کارپوریشن سے سبکدوش ایک خاتون افسر رہتی ہے ان کے کوئی اولاد نہیں ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ تقریباً ۱۵سال سے ان کے گھر میں ایک لڑکی بطور ملازمہ کام کررہی ہے۔ سنیچر کو ملازمہ نے خاتون کے بھانجے کسٹم افسر پر اس کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کا سنگین الزام عائد کر دیا۔ معاملہ جنسی زیادتی کا سن کر پولیس بھی حیران رہ گئی۔ پولیس نے جب خاتون سے بات چیت کی تواس نے بتایا کہ اس کی مالکن کا بھانجہ ایک سال سے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کر رہا ہے۔ اس کے بعد ان لوگوں نے اس کو نوکری سے بھی ہٹا دیا۔ متاثرہ نے بتایا کہ ایک روز اس کی مالکن کہیں چلی گئی۔ اس پر ان کے بھانجے نے اس پر اپنی بوا کو غائب کرنے کا الزام عائد کر دیا۔ ان تمام باتوں کے بعد متاثرہ نے اس معاملہ میں پولیس سے شکایت کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ کی شکایت پر تفتیش کی جارہی ہے پولیس نے متاثرہ کو طبی جانچ کیلئے بھیج تو دیاہے لیکن معاملہ کو مشتبہ بھی بتا رہی ہے۔ متاثرہ خاتون کی ماںبھی میونسپل کارپوریشن میںملازمت کرتی ہے۔ جنسی زیادتی کے الزام برداشت کر رہے کسٹم افسر فی الحال حضرت گنج علاقہ میں اپنے کنبہ کے ساتھ رہتے ہیں۔