تیز دھوپ اور امس بھری گرمی کا اثر کافی حد تک جلد پر پڑتا ہے۔ اگر جلد کی پوری طرح دیکھ بھال نہ کی جائے تو چھوٹی چھوٹی پھنسیوں کے ساتھ دیگر جلدی مسائل سے دوچار ہونا پڑ جاتا ہے۔ اس موسم میں اگر کچھ باتوں کا خیال رکھا جائے تو آپ جلدی پریشانیوں سے بچ سکتی ہیں۔ بیس تیس سال کی عمر میں ذاتی کاموں کے لئے لمبی مسافت طے کرنی پڑتی ہے۔ دن بھر کی بھاگ دوڑ کے چلے اکثر لڑکیاں اس حقیقت کو نظر انداز کر جاتی ہیں کہ اس دوران انہیں برابر پانی پیتے رہنا ہوتا ہے۔ کیونکہ پسینے کی شکل میں پانی کا بڑا حصہ جسم سے باہر نکل جاتا ہے۔ اگر لمبے وقت کے لئے باہر رہنا ہے تو جسم میں کافی مقدار میں پانی کا ہونا بہت ضروری ہے۔ جلد کے لئے دوپہر کی دھوپ سب سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ ممکن ہو سکے تو دوپہر میں باہر نکلنے سے بچیں۔ اس وقت سورج کی کرنیں سب سے تیز ہوتی ہیں اور جلد پر برا اثر ڈالتی ہیں۔ باہر نکلنے سے آدھا گھنٹہ پہلے چہرے اور جلد کے کھلے حصوں پر سن اسکرین لگانا نہ بھولیں۔ اگر آپ کو فاسٹ فوڈ زیادہ پسندیدہ ہے تو ان سے بچنے کی کوشش کریں۔ کیونکہ یہ ہاضمے کو کمزور کر دیتے ہیں۔ اس کا سیدھا اثر جلد پر پڑتا ہے۔ جہاں تک ہو سکے باہر کی چیزیں کھانے سے بچیں خاص کر مرچ مسالے اور تلی بھنی چیزیں۔ اگر آپ چائے کافی کی عادی ہے تو اس سے بھی بچنے کی کوشش کریں۔ کیونکہ زیادہ چائے کافی پینے سے پیشاب سے متعلق مسئلہ درپیش ہو سکتا ہے ساتھ ہی یہ جلد میں موجودہ نمی کو بھی کم کرتی ہے اور جلد خشک ہو جاتی ہیں۔ جن چیزوں میں شکر زیادہ ہوتی ہے ان سے بچیں۔ پیاس بجھانے کے لئے فریش لیمو، تازہ پھلوں کا جوس یا ناریل پانی پینا سمجھداری ہوگی۔ سونے سے پہلے مائلڈفیس واش سے چہرہ صاف کرنے کے بعد ایس پی
ایف والا ماشچرائزر لگائیں۔ چہرہ صاف کرنے کے لئے عرق گلاب کا استعمال کریں۔ اس سے تازگی ملے گی۔ کھیرے اور ککڑی کا رس یا ناریل پانی بھی استعمال میں لا سکتی ہیں۔ دو دو چمچہ بیسن اور دہی میں ایک چوتھائی لیمو کا رس ملا کر لگائیں۔ سوکھنے پر ملتے ہوئے چھڑائیں۔ تیس سے چالیس سال کی عمر میں ماشچرائزنگ روٹین پرسختی سے عمل کریں۔ اگر روٹین ماشچرائزر زیادہ آئلی ہے تو واٹر بیسڈ ماشچرائزر استعمال کریں۔ جلد کے باریک سوراخوں کو بند رکھنے اور تازگی کو برقرار رکھنے کے لئے ٹونر کا استعمال بہت ضروری ہے۔ اس کے لئے عرق گلاب کا استعمال کر سکتی ہیں۔ ٹونر اس لئے ضروری ہے کیونکہ موسم گرما میں دھول مٹی جلد پر چپک جاتی ہے۔ اگر کلنجنگ کے بعد سوراخ بند نہ ہو تو گندگی جلد کے اندر چلی جائے گی اور اس سے انفیکشن کا خطرہ بنا رہتا ہے۔ بے جان جلد کو ہٹانے اور دوران خون کو معمول پر رکھنے کے لئے ایکس فو لی ایشن ضروری ہے۔ اس کے لئے مارکیٹ میں دستیاب اسکرب کا انتخاب کر سکتی ہیں یا گھر پر تیار کر سکتی ہیں۔ اسکرب کے لئے چار چمچہ بیسن، تھوڑی ہلدی، پانچ چھ بوندیں عرق گلاب اور دودھ یا دہی لیں۔ اسے مکس کرکے چہرے پر لگائیں۔ دس منٹ بعد رگڑکر ہٹائیں۔ اس کے بعد فیس ماسک اور ماشچرائزر لگانا نہ بھولیں۔ جلد کی رنگت میں نکھار لانے کے لئے گھریلو فیس پیک کا استعمال کریں۔ اس کے لئے دو چمچہ پکے پپیتے کو اچھی طرح مسلیں۔ اس میں ایک چمچی شہد اور ایک انڈے کی سفیدی ملائیں۔ اس پیسٹ کو پندرہ منٹ تک چہرے پر لگا کر چھوڑدیں۔ پھر صاف پانی سے چہرہ دھو لیں۔