نئی دہلی۔ 9 جولائی (یو این آئی )بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اشوک روڈ پر واقع ہیڈکوارٹر کے باہر آج صبح ایک لاوارث بیگ ملنے سے دہشت پھیل گئی حالانکہ تلاشی کے بعد بیگ سے کوئی مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی۔پولیس سے موصول اطلاع کے مطابق بیگ کے بارے میں صبح تقریباً 8 بجے فون آیا۔ فون ملنے کے فوراً بعد بم کو ناکارہ بنانے والا دستہ اور ڈوگ اسکوائڈ کو موقع پر بھیجا گیا۔بیگ کی تلاشی لینے کے بعد اس میں سے کوئی مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی۔ ایک جوڑے نے جو شاید بی جے پی کے کارکن تھے، اسے اپنا بتایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ بیگ ان کا ہے اور وہ اسے بی جے پی ہیڈکوارٹر میں رکھ کر نزدیکی آندھرابھون میں کچھ کھانے چلے گئے تھے۔ اسی دوران کسی نے اس کی اطلاع پی سی آر کو دے دی۔نئی دہلی کے ایڈیشنل پولیس کمشنر ایس بی ایس تیاگی نے بتایا کہ جوڑے کو پوچھ گچھ کے لئے تھانے لے جایا گیا۔پولیس کے مطابق بادی النظر میں بیگ سے کوئی بھی مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی پھر بھی وہ تفتیش کررہے ہیں۔یاد رہے کہ بی جے پی ہیڈکوارٹر میں آج پارٹی کے نئے قومی صدر کے نام کا اعلان ہونا ہے جس کے سبب دفتر کے آس پاس
صبح سے ہی ہلچل ہے۔