جنیوا۔ (بھاشا)عالمی بینک کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے سندھ ایگریکلچر گروتھ پراجیکٹ کیلیے 7 کروڑ 64 لاکھ ڈالر مالیت کے رعایتی قرضے کی منظوری دے دی ہے۔اس ضمن میں عالمی بینک کی طرف سے گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیاکہ مذکورہ منصوبے کا بنیادی مقصد اہم کموڈیٹی ویلیو چین میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشت کاروں و پروڈیوسرز کی پیداواری صلاحیت اور مارکیٹ تک رسائی کو بہتر بنانا ہے، اس منصوبے سے 66 ہزار ہیکٹرز رقبے کے 1لاکھ 12 ہزار کاشتکار و کسان مستفید ہوں گے، عالمی بینک کی طرف سے پاکستان کیلیے منظور کیا جانے والا یہ رعایتی قرضہ ہے جو 25 سال کیلیے منظور کیا گیا ہے اور اس کیلیے 5 سال کا گریس پیریڈ دیا گیا ہے۔اس حوالے سے پاکستان میں تعینات عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود نے کہاکہ مذکورہ منصوبے کے تحت پاکستان میں ہارٹی کلچر اور دودھ کی پیداوار بڑھانے پر فوکس کیا جائے گا اور یہ دونوں ایسے شعبے ہیں جو چھوٹے کسانوں سے متعلق ہیں، ان شعبوں سے دیہی خواتین بھی وابستہ ہیں، منصوبے سے زرعی شعبے کی ترقی میں نجی شعبے کی شمولیت کو بھی فروغ ملے گا۔