لکھنؤ۔(نامہ نگار)ساتھی کی مین ہول میں دم گھٹنے سے ہوئی موت سے ناراض سیکڑوں ملازمین اپنے مطالبات کو لے کر بدھ کو میئر ڈاکٹر دنیش شرما کی رہائش گاہ پہنچے۔ مطالبات کو لے کر صفائی ملازمین نے میئر کی رہائش گاہ کا گھیراؤکیا۔ یقین دہانی ملنے کے بعد ملازمین نے گھیراؤ
ختم کیا۔ منگل کو اپنے ساتھی دھیرج کی صفائی کے دوران مین ہول میں دم گھٹنے سے ہوئی موت سے ناراض سیکڑوں صفائی ملازمین بدھ صبح تقریباً ۱۱بجے اترپردیش ملازمین بورڈ کے بینر تلے آئی ٹی چوراہے کے نزدیک واقع میئر ڈاکٹر دنیش شرما کی رہائش گاہ پہنچے اور مطالبات کو لے کر بورڈ کے صدر دیوی پرساد کی قیادت میں رہائش گاہ کے سامنے گھیراؤ کردیا۔ گھیراؤ کررہے ملازمین متوفی دھیرج کے اہل خاندان کو ۵لاکھ روپئے معاوضہ اور بیوی کو مستقل نوکری دیئے جانے کا مطالبہ کرہے تھے۔ ملازمین تقرری کی مانگ پر بضد تھے ۔ میئر ڈاکٹر دنیش شرما نے گھیراؤ کررہے ملازمین سے بات چیت کی اور ان کے مطالبات کو پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اس کے بعد ملازمین نے سٹی کمشنر سے رابطہ کیا۔ گھیراؤ کے دوران بورڈ کے ریاستی جنرل سکریٹری جگدیش بالمیکی ،نائب صڈر برجیش بالمیکی،این آر بالمیکی،نریش بالمیکی،دنیش چودھری،رام شنکر بالمیکی، شیام لال بالمیکی ، رام کمار سمیت سیکڑوں ملازمین موجود تھے۔ واضح ہوکہ منگل کو جانکی پورم سیکٹر ایچ سہارا اسٹیٹ کے نزدیک مین ہول کی صفائی کرتے وقت ٹھیکہ ملازم دھیرج کی دم گھٹنے سے موت ہوگئی تھی۔ اس وقت موقع پر زون ۳میں تعینات اپر انجینئر سوریہ منی یادو موجود تھے۔ دیر شب سٹی کمشنر آر کے سنگھ نے اپر انجینئر سوریہ منی یادو کو معطل کردیا تھا۔