یمن ۔ العربیہ::یمن میں حکومت مخالف حوثی شیعہ باغیوں نے منگل کے روز دارلحکومت صنعاء سے پچاس کلومیڑ کی مسافت پر واقع اہم شہر عمران اور اس کے اردگرد اہم فوجی تنصیبات کا مکمل کنڑول حاصل کر لیا ہے۔ باغیوں نے بریگیڈیئر حمدی القشیبی کی زیر کمان 310 آرمڈ بریگیڈ کو بھی اپنے زیر نگین کر لیا ہے۔
عمران شہر کے عینی شاہدین نے بتایا کہ حوثی باغیوں نے شہر کی جنوبی کالونی میں واقع 310 آرمڈ بریگیڈ کا کنڑول سنبھالنے کے بعد شہر کے اطراف مسلح گشت شروع کرا دیا۔
اس وقت الجمیمہ، المرحہ اور سودہ عدان کے پہاڑی سلسلے میں فوجی اڈے حوثیوں کے مسلح افراد کے سپرد کئے جا رہے ہیں۔
جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لئے دسیوں مسلح افراد کو شہر کے داخلی صدر دروازے، اہم شاہراٶں اور کالونیوں میں تعنیات کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حوثی عمران شہر سے پچاس کلومیڑ کی مسافت پر واقع دارلحکومت کی جانب اپنا مارچ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔