ممبئی: یو یو ہنی، وہ گلوگار جس نے بالی وڈ میں قدم رکھتے ہی اپنا ایک مقام بنا لیا ہے۔ کون ہو گا جو ہنی سنگھ کے ساتھ کام نہ کرنا چاہے۔ بالی وڈ کے ہر بڑے نام کے ساتھ ہنی کام کر چکے ہیں اور ان کا گایا ہوا ہر گانا شہرت کی بلندیوں کو چھو جاتا ہے۔ اگر یہ کہا جائے کہ ہنی سنگھ کو ہدایت کار یا اداکار اپنی فلم کے لئے کامیابی کی علامت سمجھتے ہیں تو ہر گز غلط نہ ہو گا۔ اب خبر ملی ہے کہ ہنی سنگھ سلمان خان کی فلم کک کے لئے بھی اپنی آواز اور انداز کا جادو جگا رہے ہیں اور اس گانے میں چار چاند لگا رہی ہیں نرگس فخری، جسکی پہلی جھلک منظر عام پر آگئی ہے۔ اس گانے کے کوریوگرافر احمد خان ہیں۔ جن کا شمار بالی وڈ کے بہترین کوریوگرافرز میں ہوتا ہے۔ ساجد ناڈیہ والا کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم کک اگلے مہینے پچیس تاریخ کو ریلیز کی جا رہی ہیں۔ کک کے مرکزی کرداروں میں سلمان خان، جیکولین فرنینڈس، رندیپ ہوڈا، عرفان خان اور نوازالدین صدیقی شامل ہیں۔