نئی دہلی، 7 نومبر : بی جے پی کے وزیر اعظم عہدہ کے امیدوار نریندر مودی کی حمایت میں ممتاز گلوکارہ لتامنگیشکر کھل کر سامنے آنے کے چند دنوں کے بعد ہندوستانی فلموں کی ایک اور اہم شخصیت جاوید اختر نے کہا ہے کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ مودی کی مخالفت کرنا قوم دشمن سرگرمی ہے وہ احمق ہیں۔
جاوید اختر نے اپنے ٹوئٹر پر یہ لکھ کر ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے کہ بعض احمق لوگ یہ تاثر دیتے ہیں کہ نریندر مودی کی مخالفت قوم دشمن سرگرمی ہے ۔ کیا وہ لوگ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہم 90 فیصد ہندوستانی قوم دشمن ہیں
جاوید اختر نے اپنے ٹوئٹر پر جو کچھ بھی لکھا ہے اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ 90 فیصد ہندوستانی وزیر اعظم عہدہ کے لئے بی جے پی کے امیدوار کی حیثیت سے نریندر مودی کے خلاف ہیں۔
راجیہ سبھا کے ممبر جاوید اختر کی یہ ٹوئٹ سماجی میل جول کے سائٹو ں پر بہت تیزی کے ساتھ پھیلا کیونکہ انہوں نے کسی فلمی کہانی کے لئے ایک اور مکالمہ قلم بند کردیا ہے۔
واضح رہے کہ جاوید اخترامیتابھ بچن کی فلم دیوار سمیت متعدد فلموں میں اپنے بہت سے ڈائلاکس کی وجہ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے ہیں۔ اس سے قبل بھی جاوید اختر نے نریندر مودی پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ وہ نہرو کے سامنے باونا برابر بھی نہیں ہے۔
جاوید اختر نے ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ مسٹر مودی آپ نہرو کے سامنے باونا برابر نہیں ۔ ایک اور ٹوئٹر میں جاوید اختر نے لکھا کہ مودی کے ماننے اور چاہنے والوں کی طرف سے مجھے جس طرح کے خام ، غیرشائستہ اور فحش پیغامات ملتے ہیں ان سے ثابت ہوجاتا ہے کہ یہ پیروکار کس گھٹیا درجہ کے ہیں۔