لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ گزشتہ کئی دنوں سے سبمر سیلب کی خراب پڑی مشین ٹھیک نہ ہونے سے ناراض سیکڑوں باشندے جمعہ کو سڑک پر اتر آئے اور محبوب گنج محلہ کے پاس مظاہرہ کیا۔ سبمر سیبل کو ٹھیک کرائے جانے، علاقہ میں پینے کے پانی کی فراہمی ٹھیک ڈھنگ سے کئے جانے اور خراب پڑے ہینڈ پمپ کی مرمت کرائے جانے کے مطالبہ کو لیکر جمعہ کو عنبر گنج وارڈ کے تحت محبوب گنج محلہ میں رہنے والے سیکڑوں باشبدے سڑک پر اتر آئے۔ ناراض باشندوںنے راستہ جام کر کے مظاہرہ شروع کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ علاقہ میں لگے ہینڈ پمپ خراب پڑے ہیں،گھر میں لگے نلوں میں پانی نہیں آتا۔ محلے والوں کو پانی کے بحران سے نجات دلانے کیلئے ایک سبمر سیبل کی ٹنکی لگوائی گئی تھی۔ ایک ماہ قبل اس کی مشین خراب ہو گئی جس
سے محلہ میں پانی کا بحران پیدا ہو گیا۔ پانی کیلئے محلہ والوں کو دور دراز علاقوں میں لگے سبمر سیبل یا پھر ہینڈ پمپ سے پانی لانا پڑ رہا ہے۔
گھروں میں لگے نلوںمیں پانی بھی نہیں آرہا ہے جبکہ ان دنوں ماہ رمضان میں پانی کی کافی ضرورت پڑتی ہے۔ خراب پڑی مشین و ہینڈ پمپ کو ٹھیک کرائے جانے کیلئے کئی مرتبہ زون چھ دفتر پر تحریری شکایت کی گئی لیکن یقین دہانی کے علاوہ مشین ٹھیک نہیں ہو سکی۔ ایک ماہ قبل خراب ہوئی سبمبر سیبل ٹھیک نہ کئے جانے سے مقامی باشندوں میں غصہ پایا جا رہا ہے۔ محلہ میں پانی نہ آنے سے روزہ داروں کوکافی دقت ہو رہی ہے۔ مظاہرہ میں شامل ارشاد حسین، عظیم، برجیش کمار وغیرہ نے بتایا کہ ۴؍جولائی کو میئر کو بھی اس بات کی تحریری اطلاع دی گئی تھی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ کچھ دن قبل میئر ڈاکٹر دنیش شرما نے واٹر ورکس محکمہ ومیونسپل کارپوریشن کے ساتھ ہوئے جلسہ میں رمضان اور ساون ماہ کے دنوں میں پانی کا بندوبست درست رکھنے کی ہدایت دی تھی۔ اس کے باوجود مسئلہ میں کوئی سدھار نہیں ہوا۔