لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ کولوا-چندریکا دیوی روڈ پر بن رہے پل کا تعمیری کام رک جانے سے ناراض جمعہ کوسیکڑوں کسان برج کارپوریشن دفتر پہنچے اور بھارتیہ کسان یونین کے زیر اہتمام غیر معینہ مدت کا دھرنا شروع کر دیا۔ جے جوان جے کسان کا نعرہ لگاتے ہوئے ، ہاتھوںمیں ڈنڈے لیکر جمعہ کی دوپہر سیکڑوں کسان گوکھلے مارگ پر واقع برج کارپوریشن دفتر پہنچے اور ہیڈکواٹر گیٹ کے اندر بھارتیہ کسان یونین کے زیر اہتمام غیر معینہ مدت کا دھرنا شروع کردیا۔ دھرنے کی قیادت کررہے کسان یونین کے ضلع تنظیم کے وزیر آزاد انصاری نے بتایا کہ ملیح آباد تحصیل کے تحت کولوا – چندریکا دیوی روڈ پر پل کا تعمیری کام چل رہا تھا۔ گومتی ندی کے اوپرسے بن رہے پل کے تعمیری کام کو روک دیاگیا۔ الزام ہے کہ وزیر تعمیرات عامہ کی ہدایت پر کام روک دیا گ
یا ہے۔ پل کا کام روکے جانے سے سیکڑوں کسان گزشتہ تین دنوں سے ضلع مجسٹریٹ کے دفتر پر دھرنا دے رہے تھے لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی جس سے ناراض ہوکرجمعہ کو سیکڑوں کسان برج کاپوریشن دفتر پہنچے۔ مسٹر انصاری نے بتایا کہ جب تک کام شروع نہیں کرایا جائے گا کسان دفتر پر دھرنا دیتے رہیں گے۔ پل کا کام شروع کرائے جانے کے مطالبہ کولیکر غیر معینہ مدت کا دھرنا دینے پہنچے کسان اپنے ساتھ راشن بھی لیکر آئے۔ ہاف ڈالہ پر لکڑی، آٹا، چاول ،دال اور ہانڈی لیکر برج کارپوریشن دفتر پہنچے، سیکڑوں کسانوںنے غیر معینہ مدت کا دھرنا شروع کر دیا، کسانوں کاکہنا ہے کہ تعمیری کام شروع کرواکر ہی دھرنا ختم کریں گے۔ دھرنے پر خاص طور سے ضلع سکریٹری محمدندیم، شہر صدر محمد فہیم صدیقی، شہر صدر بی کے ٹی محمد کلیم خاں سمیت سیکڑوں کسان موجود تھے۔ دھرنے میں خواتین بھی موجود تھیں۔