رملہ: امریکہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری اسرائیلی منصوبوں کو مسترد کرتے ہوئے یہودی بستیوں کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے ملاقات کی جس میں امن مذاکرات سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران محمود عباس نے فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ اسرائیل کی جانب سے یہودی بستیوں کی تعمیر روکی جائے ، جب تک یہ منصوبہ واپس نہیں لیا جاتا تب تک امن مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے ، یہودی بستیاں امن مذاکرات میں رکاوٹ ہیں۔ اس موقع پر جان کیری کا کہنا تھا کہ امریکہ یہودی بستیوں کی تعمیر کو غیر قانونی سمجھتا ہے اور اسرائیلی وزیراعظم سے دوبارہ ملاقات میں اس معاملے کو اٹھایا جائے گا۔ امریکی وزیرخارجہ جان کیری محمود عباس سے ملاقات کے بعد اردن پہنچے جہاں انہوں نے شاہ عبداللہ ثانی سے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ اپنے دورے میں ایک روز کی توسیع کرتے ہوئے انہوں نے آج پھر اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کیلئے تل ابیب جانے کا اعلان کیا ہے تاکہ مشرق وسطیٰ امن عمل کو آگے بڑھایا جاسکے اور اسرائیلی حکام کو فلسطینی صدر کے تحفظات سے آگاہ کیا جا سکے۔ امریکہ چاہتا ہے کہ 2014کے آخر تک فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ طے پاجائے ۔