تہران: ایران کی ایک انقلابی عدالت نے سماجی رابطے کی مقبول ویب سائٹ فیس بک پر حکومت مخالف پوسٹنگ کرنے پر 8 نوجوانوں کو 127 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سزا پانے والے ان آٹھ نوجوانوں کے نام منظر عام نہیں کیے گئے۔
ان نوجوانوں پر فیس بک پر قومی سلامتی کے خلاف حکومت مخالف پراپیگنڈا اور ایرانی رہنماؤں کی توہین کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ یہ افراد اس سزا کےخلاف اپیل دائر کرنے کے اہل ہیں۔
خیال رہے کہ ایران میں حکام کی جانب سے فیس بک اور ٹوئٹر سمیت تمام سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کی سخت نگرانی کی جاتی ہے۔
خود ایرانی صدر حسن روحانی نے گزشتہ سال انتخابات میں کامیابی کے بعد ایک اعلان میں اعتدال پسندی، سماجی اور ثقافتی اور میڈیا کے مسائل پر پر زیادہ سے زیادہ رواداری پیدا کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔
تاہم قدامت پسندوں کی جانب سے انہیں مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اسی طرح مئی میں بھی عدالت نے آٹھ افراد کو فیس بک پر حکومت مخالف پراپیگینڈا کرنے پر تنقید کرنے پر 20 سال قید کی سزا سنائی تھی۔