لکھنؤ۔(نامہ نگار)چنہٹ علاقے میں رہنے والے ایک پراپرٹی ڈیلر قتل کے معاملے میں پولیس نے زمین کے ایجنٹ کو گرفتار کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پراپرٹی ڈیلر کا ملزم نے اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر زہر دے کر قتل کیا تھا۔ اس معاملے میں ایک ملزم پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔ انسپکٹر چنہٹ وجے مل یادو نے بتایا کہ گڑرین پوروا کا باشندہ رامو پراپرٹی ڈیلنگ کا کام کرتا تھا۔ رامو کے ساتھ ہی علاقے کے رہنے والے ایجنٹ ویریندر شمشیر اور رام سہارے بھی اسی کام میں لگے ہوئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ ۱۶جنوری کو رامو مذکورہ تینوں افراد کے ساتھ زمین کے کام کے سلسلے میں کلکٹریٹ گیا تھا۔ وہاں پر اچانک اس کی طبیعت بگڑ گئی اس کو علاج کیلئے ٹراما سینٹر میں بھرتی کرایا گیا جہاں اس کی موت ہوگئی تھی۔ اس معاملے میں متوفی کے بھائی رمیش نے رام سہارے ،شمشیر اور ویریندر کے خلاف رامو کو اغوا کرکے اس کو قتل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے رپورٹ درج کرائی تھی۔ حالانکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کے اسباب واضح نہیں ہوسکے تھے ۔ ڈاکٹروں نے موت کی صحیح وجہ معلوم کرنے کیلئے اس کے باقیات کو جانچ کیلئے بھیجا تھا ۔ جون ماہ میں پولیس کو اس کی رپورٹ ملی تو اس میں رامو کی موت زہر سے ہونا معلوم ہوئی اس کے بعد ۱۵جون کو پولیس نے ایک ملزم رام سہارے کو گرفتار کرلیا تھا۔ تفتیش کے
دوران چنہٹ پولیس نے آج نامزد ملزم شمشیر کوبھی گرفتار کرلیا۔