لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی حملوں کی مخالفت میں دو شنبہ کو آل انڈیا سنی بورڈ نے مظاہرہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ نادان محل روڈ واقع مسجد تقویت الایمان کے باہر ہوئے مظاہرہ میں مولانا خالد رشید فرنگی محلی کی قیادت میں کئی تنظیمیں شامل ہوئیں۔ مظاہرہ کے ذریعہ وزیر اعلیٰ کو تین نکاتی عرضداشت روانہ کی گئی جس میں مرکز سے اسرائیل سے تعلقات ختم کرنے ، فلسطین پر حملے بند کرانے اور ریاست کے اسمبلی میں اسرائیل کے خلاف مذمت کی تجویز منظور کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مظاہرہ کو خطاب کرتے ہوئے مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل بے گناہ شہریوں کا قتل عام کر رہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
مظاہرہ میںشامل چھوٹے چھوٹے بچے اپنے ہاتھوں میں اسرائیلی اشیاء کا بائیکاٹ کرنے اور اسرائیلی دہشت گردی کی مذمت کے بینر لئے ہوئے تھے۔ مظاہرہ میں مولانا محمد مشتاق، مولانا زین العابدین، مولانا اکرم ہاشمی، مولانا محمد سفیان، عدنان خاں، ندیم احمد ، ایاز احمد سمیت بڑی تعداد میں لوگ شامل تھے۔