لکھنؤ۔(نامہ نگار)علاقے میں پھیلی گندگی، اجابت خانے کی تعمیر ، سیور لائن ڈلوانے ، پینے کے پانی کا مسئلہ دور کرنے سمیت دیگر ضروری مسائل کو لے کر تین روزہ بھوک ہڑتال پر بیٹھے سماجی کارکنوں نے منگل کو میئر اور شہر کمشنرکو خط بھیج کر مسائل کا حل کرائے جانے کا مطالبہ کیا۔ لیبر کالونی وارڈ کے تحت سپا روس و نندا کھیڑا میں مسائل کا انبار لگا ہوا ہے۔ علاقے میں صفائی بندوبست ٹھیک نہیں ہے۔ کئی برس قبل شہری علاقے میں آنے والے دونوں محلوں سیور لائن نہیں پڑی ہے۔ سپا روس میں لوگوں نے گھروں میں سیور ٹینک بنوا رکھے ہیں اور نندا کھیڑا علاقے میں آج بھی غلاظت ڈھونے کا رواج قائم ہے۔ جس میں مقامی لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ علاقے میں پینے کے پانی کی فراہمی نہ ہونے سے لوگوں کو دور دراز میں نصب سمر سیبل سے پانی لانا پڑتا ہے۔ دونوں محلوںمیں مسائل کو لے کر دوشنبہ کو سماجی کارکن گووند گپتا لیبر کالونی کے سامنے لگے درخت کے نیچے تخت ڈ
ال کر بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے۔ مطالبات کو لے کر سماجی کارکن گووند گپتا نے تین روزہ بھوک ہڑتال شروع کی۔ گووند گپتا کی بھوک ہڑتال کا آج دوسرا دن تھا۔ سماجی کارکن نے آج میئر ڈاکٹر دنیش شرما و سٹی کمشنر آر کے سنگھ کو محلے میں مسائل کے سلسلے میں خط بھیج کر روشناس کرایا۔ گووند گپتا نے بتایا کہ جب تک مسائل کا حل نہیں کیا جائے گا تب تک بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔