لکھنؤ(نامہ نگار)غازی پور تھانہ حلقہ کے تحت اندرا نگر میں رہنے والے بجلی محکمہ سے سبکدوش انجینئر کے گھر میں تین الگ الگ کمروں میں بستر میں آگ لگ گئی۔ آگ کیسے اور کسنے لگائی اس بات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ واردات کے وقت مکان میں تالا لگا تھا۔ فی الحال پولیس اب اس معاملہ کی تفتیش کر رہی ہے۔ ایس او غازی پور نوویندر سنگھ سروہی نے بتایا کہ اندرا نگر کے سیکٹر-۱۶مکان نمبر ۱۳۴۳میں بجلی محکمہ سے سبکدوش اسسٹنٹ انجینئر اوم پرکاش رہتے ہیںبتایا جاتا ہے کہ بدھ کی دوپہر تقریباً ایک بجے لوگوںنے انجینئر کے گھر سے دھواں نکلتے دیکھا توغازی پور پولیس کو اطلاع دی۔ موقع پر پولیس اور فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی پہنچ گئی۔ پولیس اور فائر بریگیڈ اہلکاروں نے مکان کا تالا توڑا اور اندر پہنچے تو دیکھا کہ تین الگ الگ کمروںمیںرکھے بستر اور اسٹور روم میں آگ لگی تھی۔ صرف بستروں میں لگی آگ دیکھ کر پولیس حیران رہ گئی۔ فائر بریگیڈ اہلکاروں نے کسی طرح آگ بجھائی اور اوم پرکاش کو اس کی اطلاع دی۔ موقع پر اوم پرکاش کا بیٹا بھی پہنچ گیا۔ اوم پرکاش کے مکان کے الگ الگ کمروں میں آگ کیسے اور کسنے لگائی فی الحال اس بات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔پولیس آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔