نئی دہلی، 17 جولائی (یو این آئی) فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے کے مسئلے پر اپوزیشن اراکین نے آج دوسرے دن بھی بار بار زبردست شوروغل اور ہنگامہ کیا، جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی تیسری بار دوپہر بعد دو بجے تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔اپوزیشن اراکین جب اس معاملے پر بحث کرانے کا مطالبہ کررہے تھے تبھی آل انڈیا انا ڈی ایم کے رکن وی ۔ میترین نے فلسطین پر ہونے والے حملے کے معاملے کو سری لنکا میں تملوں پر ہونے والےمظالم سے جوڑدیا جس پر اپوزیشن اراکین مزید مشتعل ہوگئے اور ہنگامہ مزید بڑھ گیا۔اس کے بعد ڈپٹی چیئرمین پی جی کورین نے ساڑھے 12 بجے ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔قبل ازیں اپوزیشن اراکین نے وقفہ سوال ملتوی کرکے اس معاملے پربحث کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کیا، جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی پہلے 15 منٹ اور پھر دوپہر 12 بجے تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔