کراچی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ گرین شرٹس پاکستانی بیٹسمینوں کی کارکردگی میں تسلسل اور توازن لے کر آئیں گے اور انہیں ماضی کی مشکلات سے باہر نکال دیں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری انہوں نے چیلنج سمجھ کر قبول کی ہے اور زمبابوے ٹیم کی کوچنگ کے بعد یہ انہیں اپنے کوچنگ کیریئر کو مزید بہتر کرنے کا اچھا موقع ملا ہے لہٰذا انہوں نے یہ موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا۔ مشتاق احمد نے بھی میرے بھائی اینڈی فلاور کو فون کر کے پہلے معلوم کیا تھا کہ کیا میں اس عہدے میں دلچسپی رکھتا ہوں اور جب میری جانب سے رضامندی مل گئی تو یہ بات آگے بڑھی۔ انگلش کاوئنٹی اسیکس کے علاوہ زمبابوے کے ساتھ کام کر چکا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ میرا تجربہ پاکستانی بیٹسمینوں کے کام آسکتا ہے۔ گرانٹ فلاور نے کہا کہ اچھے بیٹنگ کوچ کے لئے ضروری ہے کہ اس میں بھرپور انتظامی صلاحیتیں ہوں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ وقار یونس سے ان کی ایک مرتبہ ہی بات ہوئی ہے جو مثبت رہی اور امکان ہے کہ ان کے ساتھ یہ رفاقت کامیاب رہے گی۔ میں وقار یونس کے خلاف کھیل چکا ہوں، اس لئے بھی دل میں ان کے لئے بڑی عزت بھی ہے۔