لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ مال میں جمعرات کی شام نامعلوم بدمعاشوں نے ایک ٹھیکیدار کے پیروں میں کرنٹ لگا دیا جس سے وہ بری طرح سے جھلس گیا اور اس کی موت ہو گئی۔ جب ٹھیکیدار ہلاک ہو گیا تو اس کی لاش کو پڑوس کے گاؤں میں واقع ایک کھیت میں پھینک کر قاتل فرار ہو گئے۔ کھیت سے نکل رہے راہ گیروں نے جب لاش کو پڑی دیکھی تو اطلاع پولیس کو دی گئی۔ گاؤں میں افراتفری مچنے سے کنبہ والے جائے وقوع پر پہنچ گئے۔
اطلاع پاکر موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔ دیہی باشندوں کے مطابق متوفی صبح اپنے دوستوںکے ساتھ علاقہ میں گھوم رہا تھا۔پولیس معاملہ کی تفتیش میں لگ گئی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق مال کے ابراہیم پور کا رہنے والا ستیش موریہ عرف للن لکڑی کی ٹھیکیداری کرتا تھا۔ کنبہ کے مطابق جمعرات کی دوپہر تقریباً ایک بجے وہ اپنے ساتھ کام کرنے والے بھان پور گاؤں کے منی لال اور بلی کے ساتھ گھر سے نکلا تھا۔
شام تقریباً تین بجے پڑوس کے گاؤں کے لوگوں نے للن کے والد پیارے لال کو اطلاع دی کہ ان کا بیٹا بھان پور گاؤں کے سرجو پاسی کے کھیت میں مردہ حالت میں پڑا ہے۔ اس پر پیارے لال نے وہاں جاکر دیکھا تو للن کی لاش پڑی ہوئی تھی۔ یہ دیکھ کر اس کے ہوش اڑ گئے۔ کھیت میں لاش پڑی ہونے کی خبر آگ کی طرح پورے گاؤں میں پھیل گئی اور کچھ ہی دیر میں موقع پر گاؤں والوں سمیت سیکڑوں لوگ جمع ہو گئے۔ تبھی کسی نے حادثہ کی اطلاع پولیس کو دے دی۔ اطلاع پاکر موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے لیا اور پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق للن کی موت کرنٹ لگاکر کی گئی ہے۔ کنبہ والوں نے بھی ابھی تک کسی پر قتل کا شک ظاہر نہیں کیا ہے۔ پولیس نے دولوگوںکو گرفتار کر لیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔