ممبئی (بھاشا) غیر ملکی فنڈ کی آئی ٹی شیئروں میں مسلسل خریداری اور ٹی سی ایس کے پرجوش نتیجوں سے ممبئی شیئر بازار کا سنسکس آج ۸۰ پوائنٹ مزید مضبوط ہوکر ۵۶ء۲۵۶۴۱ پوائنٹ پر پہنچ گیا۔ یہ اس کی گذشتہ ۱۰ دن کی بلندسطح ہے۔ گذشتہ چار دن میں سنسکس ۶۳۴ پوائنٹ کا منافع درج کرچکا ہے۔ اس سے قبل سات جولائی کو سنسکس ۰۸ء۲۶۱۰۰پوائنٹ پر بند ہوا تھا۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی ۴۵ء۲۳ پوائنٹ یا ۳۱ ۰ فیصد کے منافع کے ساتھ ۹۰ء۷۶۶۳ پوائنٹ پر پہنچ گیا۔ ٹی سی ایس کے امید سے بہتر سہ ماہی نتیجوں کے بعد کمپنی کے شیئرمیں ۵۸ء۲ فیصد کی تیزی آئی۔سنسکس کی دیگر کمپنیوں میں انفوسس،وپرو،آئی سی آئی سی آئی بینک، ہیروموٹو کارپ، ایل اینڈ ٹی، ایکسس بینک، ٹا ٹا اسٹیل، ایچ ڈی ایف سی اور سپلا میں بھی اضافہ درج ہوا۔
کوٹک سکیورٹیز نے نجی گاہک گروپ تحقیق کے دیپین شاہ نے کہا کہ ہفتہ کے دوران سنسکس میں تین فیصد کی تیزی آئی۔ خام تیل پر تشویش دور ہونے سے سنسکس مضبوط ہوا۔ ہفتہ کے دوران مانسون میں بھی پیش رفت ہوئی ہے جس سے مہنگائی کو لے کر تشویش کم ہوئی ہے۔