نئی دہلی (وارتا) وزیر مالیات ارون جیٹلی نے بینکنگ خدمات سے محروم ملک کی ۴۲ فیصد آبادی کو اس سے جوڑ نے پر زور دیتے ہوئے آج کہا کہ اس سے نہ صرف وسائل میں اضافہ ہوگا بلکہ معیشت میں ان کی حصہ داری بھی بڑھے گی۔ مسٹر جیٹلی نے عوامی شعبے کے کینرا بینک کے ۱۰۸ سال مکمل کرنے کے موقع پر اس کی ۱۰۸ مالیاتی شاخوں اور بینک کی ۵۱۱۱ویں شاخ کے افتتاح کے ساتھ ہی کئی دیگر نئے پروڈکٹس کو پیش کرنے کے موقع پر یہاں کہا کہ ملک کی صرف ۵۸ فیصدآبادی ہی بینکنگ خدمات سے وابستہ ہے۔ بقیہ آبادی کو بھی اس سے جوڑنے پر زور دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ
رقم معیشت کی لائف لائن اور بینکنگ رقم کے ذرائع ہیں۔
انھوں نے کہا کہ معیشت میں تیزی کے لئے وسائل کی ضرورت ہوگی اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا ہوگا۔ سرمایہ کاری میںاضافے کے اقدامات کے تحت بینکنگ خدمات سے محروم لوگوں تک پہنچ بنانا ہوگی کیوںکہ بینکنگ سے محروم لوگوں کے پاس بے انتہا دولت ہے۔ اسے معیشت میں لانے سے نہ صرف وسائل میں اضافہ ہوگا بلکہ معیشت میں بھی تیزی آئے گی۔ انھوں نے کہا کہ بینکنگ خدمات سے محروم لوگوں کو اس سے جوڑنا چاہیے اور اس کے لئے بزنس کرسپانڈنٹ ماڈل مفید ثابت ہورہاہے اس کے ساتھ جدید ٹکنالوجی کا بھی استعمال کیا جانا چاہیے۔ مسٹر جیٹلی نے کہا آئندہ چار برسوں ہندوستانی بینکوں خصوصاً سرکاری بینکوں کو سرمایہ کی ضرورت ہوگی اور اس کے لئے خردہ سرمایہ کاروں کوحصہ داری فروخت کی جائے گی لیکن کنٹرول حصہ داری حکومت کے پاس ہی رہے گی۔ اس موقع پر مالیاتی خدمات محکمہ کے سکریٹری جی ایس سندھو ، بینک کے چیئرمین آر کے دوبے نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مسٹر دوبے نے بتایا کہ ان کا بینک رواں مہینے میں ۱۰۸ سال مکمل کررہا ہے۔اس کے مدنظر پورے ملک میں دیہی علاقوں میں ۱۰۸ مالیاتی شاخیں شروع کی گئی ہیں اور ۱۰۰۸ نقد جمع کرنے والے ایم ٹی ایم کے علاوہ ۱۰۸؍ اے ٹی ایم شروع کئے گئے ہیں۔