لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ کانگریس پارٹی کی رکن اسمبلی اور کانگریس کی سابق ریاستی صدر ریتا بہوگنا نے آج عوامی نمائندگی قانون کے جرم میں عدالت میں خود سپردگی کر دی۔ انچارج اے سی جے ایم نتیش رائے نے ریتابہوگناکو عوامی نمائندگی قانون کے دو معاملوں میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے واضح رہے کہ تھانہ کرشنا نگر میں دھرم ویر ساہو نے ۲۰۰۹ء میں ایف آئی آر درج کرائی تھی کہ بسنت پلازا کے نزدیک کانگریس کا جلسہ بغیر انتظامیہ کی اجازت کے کیا جا رہا تھا جس میں سڑکوں پر بینر اور جھنڈے وغیرہ لگا دیئے گئے تھے۔اس معاملہ میں فلم اسٹار روی کشن، انوج شریواستو اور دنیش کو ملزم بنایا گیا ہے۔ دوسرے معاملہ میں مدعی انوپم پانڈے نے دس فروری ۲۰۱۲ء کو رپورٹ درج کرائی تھی کہ ریتا بہوگنا کی جانب سے انتخابی مہم کے وقت مقررہ سے زیادہ کی گاڑیوں کا استعمال کیا جا رہا تھا۔