لکھنؤ۔(نامہ نگار)حسین گنج پولیس نے چوری کی اسکیم بناکر واردات کو انجام دینے کی فراق میں لگے تین ملزمین کو گرفتار کیا۔ پولیس نے تینوں کے پاس سے ناجائز طمنچے ، زندہ کارتوس ، ہزاروں کی نقدی سمیت اٹیچی اور چابیاں برآمد کی ہیں۔ انسپکٹر حسین گنج نے بتایا کہ منگل کی شب پولیس کو اطلاع ملی کہ تین لوگ اسلحوں سے لیس ہوکر کسی واردات کو انجام دینے کی تیاری کررہے ہیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر انہیں چاروں طرف سے گھیر لیا اور گرفتار کرلیا۔
پوچھ گچھ کے دوران ان لوگوں نے اپنا نام بجنور کے بھیم پور ریہرا گاؤں کا رہنے والا شاہد ،شوکت اور ساداباد گاؤں کا رہنے والا وکیل بتایا۔ پولیس نے شاہد کے پاس سے تین ۳۱۵بورکا طمنچہ،دوزندہ کارتوس اور ہزاروں کی نقدی برآمد کی ہے۔ وہیں شوکت اور وکیل کے پاس سے دو طمنچے ، پانچ کارتوس ، چابی کے گچھے، اٹیچی ، پیچکش، لوہے کا راڈ برآمد کئے ہیں۔