لکھنؤ۔ ارم یونانی میڈیکل کالج میں نئے داخلہ لینے والے طلباء و طالبات کے استقبال میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت ارم ایجوکیشنل سوسائٹی کے بانی ڈاکٹر خواجہ سید محمد یونس نے کی۔ تلاوت کلام پاک سے شروع تقریب کی نظامت ڈاکٹر زبیر احمد خاں نے کی۔ اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر عبدالحلیم نے کالج کے اصول و ضوابط بتاتے ہوئے طلباء اور سرپرستوں کے سامنے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی جبکہ نائب پرنسپل سید مفید احمد نے طب یونانی کی اہمیت و افادیت اور ا س کی تاریخ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اس باب میں ارم یونانی میڈیکل کالج کے کردار کو واضح کیا۔ شعبہ معالجات کے پروفیسر حکیم محمد عارف اصلاحی نے طبی تعلیم پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پراکٹر ڈاکٹر محمد ثاقب نے میڈیکل کالج اور سوسائٹی کا تعارف کرایا۔ طلباء نے بھی جو ش و خروش کے ساتھ تقریب میں شرکت کرتے ہوئے اپنی نمائندگی درج کرائی۔ پروگرام میںخواجہ سید محمد بزمی یونس اور خواجہ سید محمد فیضی یونس وغیرہ بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر کالج مینیجنگ ڈائریکٹر خواجہ سید محمد رزمی یونس کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔ تقریب کا اختتام ڈاکٹر محمد ثاقب کے اظہار تشکر کے ساتھ ہوا