کراچی: پاکستانی اداکار فواد خان نے کہا ہے کہ فن سرحدوں کا محتاج نہیں ہوتا اور نہ ہی مذہب و ثقافت کا پابند ہوتا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار نے پاکستانی مداحوں کی جانب سے ان کے بولی ووڈ میں کام کرنے کے حوالے سے ہونے والی تنقید پر کہا کہ ایسے لوگوں کی تعداد بہت کم ہے تاہم وہ اپنی رائے دینے کے حقدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان سے جا کر پاکستان میں کوئی فنکار کام کرے تو پھر بھی ضرور کسی نہ کسی طرف سے شور ہو گا۔ فواد نے کہا کہ فن ایک ایسی حقیقت ہے جو سرحدوں کا محتاج نہیں ہوتا، بطور اداکار مجھے اپنے آپ کو دریافت کرنا ہے اور اس کے لیے مجھے منفی تنقید نظر انداز کرنا ہو گی، میرا خیال ہے کہ اس طرف توجہ دینا غیر ضروری ہو گا۔ واضح رہے کہ ڈزنی کی فلم ‘خوبصورت’ کے ٹریلر نے سامنے آنے کے بعد شائقین میں ہلچل مچا دی ہے۔ سونم نے خود پسند اور خوش باش ڈاکٹرز کے کردار کا تاثر اپنے خاص انداز کے چمکیلے اسکارف سے ابھارا ہے اور ٹریلر میں نظر آنے والے دیگر ملبوسات کے علاوہ اپنے کریکٹر میں خوب گھلی ملی نظر آتی ہیں۔ مجموعی طور پر سونم کپور نے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر خود کو فیشن کوئین منوا ہی لیا ہے۔ اس کے مقابلے میں فواد خان اپنے کرتا پا جامے میں مدبر اور منظم شخصیت کے حامل نظر آ رہے ہیں اور ہر پہلو سے شہزادے ہی محسوس ہو رہے ہیں۔ فواد خان نے کہا ہے کہ ان کی یہ فلم بولی ووڈ میں اچھوتی ثابت ہو گی، جسے رواں سال 19 ستمبر کو ریلیز کیا جا رہا ہے۔
–