لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ سروجنی نگر علاقہ میں رہنے والے ایک شٹرنگ کاریگر نے گھر کے پاس ایک درخت میں پھانسی لگاکر اپنی جان دے دی۔ اس نے خود کشی کیوں کی فی الحال اس بات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ سروجنی نگر کے بیہٹوا کا باشندہ برجیش کمار کے گھر ایک ماہ سے اڈیسہ کا باشندہ ۳۵ سالہ بابو رام اپنے کنبہ کے ساتھ رہتا تھا۔ بابو رام شٹرنگ کا کام کرتا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ کل دیر شب اس نے گھر سے کچھ دوری پر نہر کے کنارے آم کے درخت میں ساڑی کے سہارے لٹک کر اپنی جان دے دی۔ صبح جب مقامی لوگ سوکر اٹھے تو لوگوں کی نظر بابو رام کی لاش پر پڑی۔ اطلاع پاکر موقع پر پہنچی پولیس نے تفتیش کر کے اس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ بابو رام نے خود کشی کیوں کی فی الحال اس بات کا پتہ نہیں چل سکا۔ بابو رام کے کنبہ میں بیوی کے علاوہ دو بیٹیاں ہیں۔