لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ گھر کا سامان لیکر موٹر سائیکل سے واپس لوٹ رہے گوپال کو نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی جس سے اس کی موت ہو گئی۔ دوسری جانب موہن لال گنج میں سڑک پار کر رہی خاتون کو تیز رفتار موٹر سائیکل نے کچل دیا جس کے سبب اس نے اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ کاکوری کے دوبگا کے رہنے والا گوپال رستوگی (۴۴) سنیچر کو موٹر سائیکل سے چوک گھر کا سامان لینے آیا تھا۔ گوپال کسی نجی کمپنی میں نوکری کرتا تھا۔ چوک سے دوبگا لوٹتے وقت ٹی وی ٹاورکے نزدیک اس کی موٹر سائیکل پر نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی۔ گوپال گر گیا اور خون سے لت پت ہوگیا۔ حادثہ ہوتے ہی آس پاس کے لوگ موقع پر جمع ہو گئے۔ لوگوں نے اس حادثہ کی اطلاع پولیس کو دی۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس نے گوپال کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ اس بات کی اطلاع گوپال کے بیٹے گورو نے دی۔ دوسری جانب موہن لال گنج کے بابو کھیڑا کی منی دیوی (۵۰) سنیچر کی شام کلی مغرب کام سے آئی تھی ۔ منی دیوی سڑک پار کرر ہی تھی تبھی تیز رفتار موٹر سائیکل سوار نے اسے ٹکر مار دی۔
ٹکر لگتے ہی منی موٹر سائیکل کے پہیے کے نیچے آگئی۔ موٹر سائیکل سوار نوجوان اسے روندتے ہوئے فرار ہو گیا۔ آس پاس کے لوگوں نے اسے سول اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔