لکھنؤ(نامہ نگار)افہام زماں سوسائٹی نے روزہ داروں پر ہوئے لاٹھی
چارج کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے سوسائٹی کے رستم نگر واقع دفتر پر منعقد جلسہ میں معاملہ کی اعلیٰ سطحی جانچ کا مطالبہ کیا گیا تنظیم کے دلاور عباس نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں سماجوادی پارٹی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے شیعہ فرقہ پر مظالم کا دور جاری ہے انہوں نے کہا کہ مظلوم چاہے کسی بھی مذاہب کا ہو مظالم برداشت نہیں کئے جائیںگے۔ جلسہ میں کرار مہدی مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے سورۃ فاتحہ کی تلاوت کی گئی۔
٭ادارہ مقصد حسینی کا ایک جلسہ مولانا سید رضا حسین رضوی کی صدارت میںہوا۔جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید رضا حسین نے جمعۃ الوداع کے روز بعد نماز جمعہ ہوئے احتجاج کے دوران پولیس کی بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پورے معاملہ کی غیر جانبدارانہ طور سے اعلیٰ سطحی جانچ کی جائے۔ مولانا نے اس بات پر انتہائی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرہ کے دوران پولیس کی بربریت کی وجہ سے علماء کے عماموں کی ہوئی بے حرمتی بیحد افسوس کا مقام ہے ۔ جلسہ میں مولانا سرکار حسین،زرتاج رضوی شمسی نقوی، یوسف زیدی، ڈاکٹر عارف ، کوثر حسین، شیزی رضوی اور شانو میاں وغیرہ کے علاوہ تمام مقامی و معزز افراد نے شرکت کی۔
٭الوداع کی نماز کے بعد وقف بچاؤ مہم کے تحت پُر امن طور پر نکالے جا رہے جلوس میں روزہ داروں کے ساتھ ہوئی واردات کی مذمت کرتے ہوئے بی جے پی کارکن امداد سیل کے معاون کنوینر فاضل حسین نے کہا کہ ریاستی حکومت امن وامان قائم رکھنے میں ناکام رہی ہے موجودہ حالات سے ظاہر ہے کہ ریاست میں فرقہ پرستی کا زہر گھولا جا رہا ہے اسے بی جے پی قطعی برداشت نہیں کرے گی۔
٭ حوزہ ٔعلمیہ أبو طالب ؑ میں ایک جلسہ زیر صدارت مولاناسید سیف عباس نقوی منعقد ہوا ۔مولانا سیف عباس نے کہا کہ جمعۃ الوداع کے موقع پر علماء اور روزہ داروں کے ساتھ جس طریقے سے بد سلوکی کی گئی اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے جس طرح علما ء اور روزہ داروںپر وحشیانہ انداز میں لاٹھیاں برسائی گئیں یہ حکومت کیلئے ایک شرمناک واقعہ ہے کہ مسلمانوں کی حمایت سے بنی ہوئی حکومت مسلمانوں ہی پر لاٹھیاں برسوا رہی ہے۔ لہذااس پورے واقعہ کی جانچ ہو جو اس میںقصور وار پائے جائیں ان کے خلاف کاروائی ہونا چاہئے ۔