میرٹھ، 30 جولائی (یو این آئی) کل کھڑکھاؤڑا گاؤں کے علاقے میں نماز عید کی ادائیگی مسئلے پر دو گروپوں کے مابین ہونے والی جھڑپ میں کم سے کم آٹھ لوگ زخمی ہوگئے۔ پولس نے آج یہاں بتایا کہ یہ جھڑپ اس وقت ہوئی جب نماز عید کے لئے آنے والے دو گروپوں میں اس بات پر تکرار ہوگئی کہ چھپر والی مسجد میں پہلے کون نماز ادا کریں گے۔ کچھ لوگوں نے دونوں گروپوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرنے کی کوشش کی پھر چند نوجوانوں کے درمیان جھڑپ شروع ہوگئی جس کے بعد انہوں نے بندوق سے فائرنگ کی اور ایک دوسرے پر سنگباری بھی کی۔ مشتعل بھیڑ نے کئی گاڑیوں اور دوکانوں کو بھی نذ آتش کردیا۔ یہاں بھیڑ نے پولس کو بھی کھدیڑ دیا لیکن بعد میں جائے وقوعہ پر اضافی پولس دستوں کے پہنچنے کے بعد صورتحال قابو میں آگئی جس کے لئے پولس کو کافی مشقت کرنی پڑی۔ پولس نے بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔