لندن (ایجنسی)برطانیہ نے سیکورٹی خدشات کی بنیاد پر پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کے ذریعے آنے والے کارگو پر پابندی عائد کردی ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق برطانوی حکام نے پی آئی اے پر کارگو لانے پر پابندی عائد کردی ہے، سیکورٹی خدشات کے پیش نظر عائد اس پابندی کا اطلاق بھی ہوگیا ہے، یورپی یونین کا رکن ہونے کی وجہ سے برطانیہ کی جانب سے عائد اس پابندی کا اطلاق یورپ کے دیگر ملکوں پر بھی ہوگا۔ قومی ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی جانب سے پی آئی اے کے کارگو پر پابندی امتیازی نوعیت کی ہے جسے ہٹوانے کے لئے متعلقہ حکام سے بات چیت جاری ہے۔واضح رہے کہ پی آئی اے کی امریکا جانے والی تمام پروازیں یورپ میں قیام کے بعد ہی اپنی اگلی منزل کی جانب روانہ ہوتی ہیں۔ اس پابندی کے باعث جہاں ملک کی برآمدات پر منفی اثرات پڑیں گے وہیں تباہی کے دہانے پر کھڑی قومی ایئر؛لائن کو بھی خطیر نقصان ہوگا۔