گورکھپور (نامہ نگار )۔ کرانہ کاروباری سے ۳۶ہزارروپئے لوٹنے والے دو بدمعاشوں کو بڑھل گنج پولیس نے گرفتار کرلیا۔پولیس نے بدمعاشوںکے قبضے سے تقریباً ساڑھے اٹھارہ ہزار روپئے ، طمنچہ اور ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی ہے۔ باقی بدمعاشوںکی پولیس سرگرمی سے تلاش کررہی ہے۔ ایس پی آر اے ہریش چندر نے بتایاکہ بیل پار گائوںکے کرانہ کاروباری اکھلا نند رائے ۲۱؍جولائی کودکان بند کرکے ٹمپو سے واپس گھر جارہے تھے ۔ نوارا گائوںکے قریب مڑہی موڑ پر دوموٹر سائیکلوںپر ۶ بدمعاشوںنے ٹمپو کو رکوا کرطمنچہ دکھاتے ہوئے کاروباری کاروپئے
سے بھرا ہوا تھیلا چھین لیا اورفرار ہوگئے ۔ گذشتہ شب بڑھل گنج انسپکٹر کواطلاع موصول ہوئی کہ چھملا بازار میں بدمعاش شراب کی دکان کو زبردستی کھلوارہے ہیں۔ پولیس کے پہنچنے کے بعد دو بدمعاش فرار ہوگئے اور دو بدمعاشوں کوپولیس نے گرفتارکرلیا۔ بدمعاشوںکی شناخت آنند یادو گڑھوا رام پور بڑھل گنج اور ونے کمار دوبے بھیٹی دوبے بڑھل گنج کے طور پر کر لی گئی۔ دونوںنے لوٹ کی واردات کو انجام دینے کا جرم قبول کرتے ہوئے بتایا کہ دودیگربدمعاش سونو اور سندیپ بھی لوٹ کی واردات میںشامل تھے۔ گرفتار بدمعاش آنند بڑھل گنج میں بھی لوٹ کی واردات انجام دینے کے معاملے میں جیل جاچکاہے ۔