دبئی۔ہندوستان کے چتیشور پجارا اور وراٹ کوہلی کو آئی سی سی کی آج جاری تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں نقصان اٹھانا پڑا ہے۔پجارا دو مقام کے نقصان سے 10 ویں مقام پر کھسک گئے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ درجہ بندی میں سب سے بہترین ہندوستانی بلے باز بنے ہوئے ہیں۔ کوہلی ایک مقام کے نقصان سے 15 ویں نمبر پر ہیں۔ ہندوستان کو سائوتھمپٹن میں تیسرے ٹیسٹ میں 266 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس سے انگلینڈ نے پانچ میچوں کی سیریز میں1-1 سے برابری حاصل کرلی۔ اس ہار کا اثر آئی سی سی درجہ بندی پر بھی دیکھنے کو ملا ہے۔ ٹیم کے بلے بازوں میں اچھی خبر صرف اجنکیا رہانے کیلئے ہے جن کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔ مڈل آرڈر کے اس بلے باز نے تیسرے ٹیسٹ میں 54 اور ناٹ آؤٹ 52 رن کی اننگ کھیلی اور وہ نو مقام کی لمبی چھلانگ کے ساتھ کیریئر کی بہترین 26 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ گیند بازوں میں روندر جڈیجہ اور بھونیشور کمار کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔ جڈیجہ تین مقام کے فوائد سے 25 ویں جبکہ بھونیشور دو مقام کے فوائد سے 32 ویں نمبر پر ہیں۔ دوسری طرف جنوبی افریقہ کے کپتان ہاشم آملہ نے سب سے اوپر تین میں واپسی
کی ہے۔ سری لنکا کے انجیلو میتھیوز اپنے کریئر کی بہترین رینکنگ حاصل کرنے میں کامیاب رہے جبکہ انگلینڈ کے ایان بیل نے سب سے اوپر کی 20 میں جگہ بنا لی ہے۔ آملہ نے کولمبو میں ناٹ آؤٹ 139 اور 25 رن کی اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کو دنیا کی نمبر ایک ٹیم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں اس کامیابی کیلئے 34 پوائنٹس ملے جس سے وہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور انڈیز کے شیونرائن چندرپال کو پچھاڑکر تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ آملہ دوسرے مقام پر چل رہے سری لنکا کے کمار سنگاکارا سے 11 پوائنٹس پیچھے ہیں۔ اے بی ڈی ولئرس 899 ریٹگ پوائنٹس کے ساتھ سب سے اوپر پر چل رہے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین نے گیند بازوں کی درجہ بندی میں سب سے اوپر پر اپنا دبدبہ برقرار رکھا ہے۔ کولمبو ٹیسٹ میں چار وکٹ چٹکانے والے اسٹین کو تین پوائنٹس کا نقصان ہوا ہے لیکن اس کے باوجود انہوں نے اپنے قریب ترین حریف آسٹریلیا کے ریان ہیرس پر 33 پوائنٹس کی برتری بنا رکھی ہے۔ ٹیسٹ الرائونڈروں کی درجہ بندی میں سب سے اوپر پانچ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ جنوبی افریقہ کے ورنن فلینڈر نے بنگلہ دیش کے ثاقب الحسن پر ایک پوائنٹس کی برتری بنا رکھی ہے۔