لیموں کا عرق بالوں میں تازگی اور چمک پیدا کرنے کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے۔ چائے کے چھنے ہوئے پانی میں کچھ لیموں کا عرق ملالیجئے۔ بالوں میں شیمپو کے بعد آخر میں اسی پانی سے بال دھولیں۔ اس سے بالوں میں چمک پیدا ہوجاتی ہے اور بال سلجھے ہوئے بھی رہتے ہیں۔ رات کو سوتے وقت سرسوں یا ناریل کے تیل میں لیموں کا رس ملاکر بالوں کی جڑوں اور بالوں کے سروں پر لگائیں۔ صبح بال دھولیں۔ بال گرنا بند ہوجائیں گے۔ سر میں خشکی کے لئے لیمو ں کا رس ۲۰ گرام اور کچا دودھ ۵۰گرام ان دونوں چیزوں کو ملاکر اسے بالوں میں اور ان کی جڑوں میں خوب اچھی
طرح لگاکر ملیں اور دو گھنٹے بعد دھولیں۔ ہفتہ میں دو بار سے زیادہ اسے استعمال نہ کر یں، کیونکہ سر پر لیموں کا زیادہ استعمال کرنے سے بالوں کا قدرتی رنگ خراب ہوتا ہے۔
بالوں کی نوکیں
اکثر دیکھا گیا ہے کہ بالوں کی نوکیں پھٹنے لگتی ہیں جس کی وجہ سے بالوں کی نوکیں کئی حصوں میں تقسیم ہوجاتی ہیں۔ ایسا اْس وقت ہوتا ہے ، جب بالوں کو ٹھیک طرح سے غذا نمہ ملے۔ اگر بالوں کو ٹھیک طرح کی غذا مہیا کی جائے تو ان کی نوکیں ٹھیک رہتی ہیں اور پھٹنے سے بچی رہتی ہیں۔ اگر کنگھی بھی کی جائے تو تھوڑی دیر کے بعد بالوں میں اْلجھاؤ پیدا ہوجاتا ہے اور بالوں کی سرے ایک دوسرے میں پھنس جاتے ہیں جس کی وجہ سے کنگھی کرتے ہوئے بال ٹوٹ جاتے ہیں۔ جو بال خشک ہوجاتے ہیں، ان کو خوراک ٹھیک طرح سے نہیں ملتی۔ ایسے بالوں کی نوکیں پھٹ جاتی ہیں۔ بالوں کی رنگت بدنما ہوجاتی ہے۔جو خواتین و حضرات کیمیکل ملے محلول سے اپنے بالوں کو رنگتے ہیں، اکثر دیکھا ہے کہ ان کے بالوں کی نوکیں بھی پھٹ جاتی ہیں۔ ایسا اسی صورت میں ہوتا ہے، جب بالوں کو رنگتے ہوئے بالوں کی ٹھیک طرح سے حفاظت نہ کی جائے تو بال جھڑنا شروع ہوجاتے ہیں۔ جس میں کلورین ملی ہوتی ہے، ایسے پانی سے بال دھونے سے بھی بالوں کی نوکیں پھٹ جاتی ہیں۔ جو خواتین اپنے بالوں کو موزوں آئیل استعمال نہیں کرتیں، ان کے بالوں کی نوکیں بھی پھٹنے کا احتمال ہوتا ہے۔ گیلے بالوں میں زور زور سے کنگھی کرنا بھی بالوں کی نوکیں پھٹنے کا سبب ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ہیر ڈریسر کی غلطی سے بھی بالوں کی نوکیں پھٹ جاتی ہیں۔ ایسا صرف ایسی صورت میں ہوتا ہے، جب ہیر ڈریسر بالوں کو سیدھی قینچی کے بجائے بالوں کو دندانوں والی قینچی سے بے احتیاطی کے ساتھ تراشتا ہے۔ گویا بالوں کی حفاظت اور نگہداشت داخلی طور پر خوراک کے مناسب استعمال سے کی جاتی ہے اور بالوں کی نوکوں کو پھٹنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ آسان طریقہ یہ ہے کہ جہاں جہاں سے بالوں کی نوکیں پھٹ گئی ہیں، وہاں سے تقریباً آدھا اِنچ نیچے تک سیدھی قینچی کے ساتھ بالوں کو تراش لیا جائے۔