جاری تصاویر میں کئی لوگوں کو جلے ہوئے کپڑوں میں فیکٹری کے باہر بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے
چین کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق ملک کے مشرقی علاقے میں قائم ایک فیکٹری میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 65 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
اس دھماکے میں تقریباً 120 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
آس پاس, چین
سرکاری ٹیلی ویژن سی سی ٹی وی نے سنیچر کو اپنے مائکرو بلاگنگ اکاؤنٹ ویئبو پر خبر دی ہے کہ ملک کے مشرق میں واقع صنعتی صوبے جیانگسو کے کنشان شہر کی ایک فیکٹری میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں یہ ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔
خبررساں ادارے اے پی کے مطابق چین کی سرکاری خبررساں ایجنسی ژنہوا نےکہا ہے کہ یہ دھماکہ سنیچر کی صبح سات بج کر 37 منٹ پر ایک کار پولیشنگ ورکشاپ میں ہوا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت وہاں 200 سے زیادہ افراد موجود تھے۔
سی سی ٹی نے اپنی سائٹ پر یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس فیکٹری میں دھات کا کام ہوتا تھا اور اس میں بیرونی سرمایہ کاری بھی ہوئی ہے۔
حکام دھماکے کی وجوہات کا پتہ چلانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں جبکہ امدادی کام زوروں پر جاری ہے۔ زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
آن لائن جاری تصاویر میں کئی لوگوں کو جلے ہوئے کپڑوں میں فیکٹری کے باہر بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ اس کے عقب میں فیکٹری سے دھواں اٹھتا ہوا نظر آتا ہے۔
واضح رہے کہ چین کی فیکٹریوں میں اس قسم کے حادثے ہوتے رہتے ہیں کیونکہ وہاں حفاظت کے میعار کو برقرار رکھنے میں عموماً بے احتیاطی برتی جاتی ہے۔