مظفرنگر۔ بھارتیہ کسان یونین سے ایک مسلم لیڈر کو معطل کر دیا گیا ہے۔اس کے خلاف الزام ہے کہ مظفرنگر کے فساد کے بعد تنظیم کو کمزور کرنے کی افواہیں پھیلانے اور تنظیم مخالف سرگرمیوں میں شامل تھے۔ آنجہانی کسان لیڈر مہندر سنگھ ٹکیت کے قریبی ساتھی اور بھارتیہ کسان یونین کے سینئر لیڈر غلام محمد جولا کو تنظیم مخالف سرگرمیوں کے الزام میں معطل کر دیا گیا۔ بھارتیہ کسان یونین کے سربراہ نریش ٹکیت نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔ مظفرنگر میں تشدد کے بعد بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر نریندر ٹکیت کے ساتھ اختلافات کے سلسلہ میں جولا نے ایک علیحدہ سے تنظیم تشکیل کر لی تھی۔ انہوں نے بھارتیہ کسان یونین کے سربراہ نریش ٹکیت اور ان کے بھائی راکیش ٹکیت کی قیادت پر تنقید کی۔اسی درمیان مسلم فرقہ کے کچھ لیڈران نے بلوا گاؤں میں ایک پنچایت کا انعقاد کیا اور بھارتیہ کسان یونین کی سرگرمیوں سے علیحدہ رہنے کا فیصلہ کیا۔ پنچایت میں علاقہ کے مختلف گاؤں کے پرمکھوں نے شرکت کی۔