لکھنؤ(نامہ نگار)الٰہ آباد کے کمبھ میلہ اور پھر سہارنپور فساد میں اہم کردار ادا کرنے والا
ڈرون کیمرہ اب پولیس کیلئے ایک اہم ہتھیار ثابت ہو رہا ہے۔ آج پولیس لائن میں ’گراؤنڈ اان مینڈ ایریئل وہیکل‘(یو اے وی) کی نمائش کی گئی۔ اس موقع پر ڈی جی پی اے ایل بنرجی بھی موجود تھے۔
ایس ایس پی ایس ٹی ایف امت پاٹھک نے بتایا کہ موجودہ صورتحال میں یو اے وی کا استعمال کافی اہم ہو گیا ہے۔ اس یو اے وی کی مدد سے ہجوم، عمارت، مذہبی مقامات اور دیگر جگہوں پر نظر رکھی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس یو اے وی کا کامیابی کے ساتھ استعمال پہلی بار الٰہ آباد کے کمبھ میلہ میں کیا گیا تھا۔ اس کے بعد چند روز قبل سہارنپور میں ہنگامہ کے دوران بھی اس یو اے وی کا استعمال کر کے شرپسندوں پر نظررکھی گئی تھی۔
ایس ایس پی ایس ٹی ایف نے بتایا کہ ۲۰۰۷ء میں آئی آئی ٹی ممبئی کے طلباء نے آئیڈیا فورج نام کی کمپنی کے ساتھ مل کر اس کیمرے کو تیار کیا تھا۔ اس کے بعد اس کیمرے کو ڈی آر ڈی او نے ٹسٹ کیا تھا۔ جانچ کے بعد اس یو اے وی کو ’نیتر‘ کا نام دیا گیا تھا۔ پورے ہندوستان میں یو پی ایس ٹی ایف پہلی ایجنسی ہے جس نے اس یو اے وی کا استعمال کیا۔ آج پولیس لائن میں دوپہر دو بجے اس یو اے وی کی نمائش کی گئی۔
نمائش کے دوران ڈی جی پی اے ایل بنرجی، اے ڈی جی مکل گوئل، آئی جی سبھاش چندرا، ڈی آئی جی نونیت سکیرا، ایس ایس پی پروین کمار سمیت دیگر افسر موجودتھے۔ آئیڈیا فورج کمپنی کے نمائندہ دیش راج سنگھ نے ’نیتر-۲‘نئے ماڈل کے بارے میں بھی افسران کو اطلاع دی۔ کمپنی کے نمائندے نے بتایا کہ موجودہ وقت میں ’نیتر‘ کیمرے کا استعمال بی ایس ایف، سی آر پی ایف، این ایس جی، این ڈی آر ایف، آئی ٹی بی پی، گجرات اور مہاراشٹر پولیس کر رہی ہے۔ ایس ایس پی ایس ٹی ایف نے بتایا کہ فی الحال ایس ٹی ایف کے پاس اس وقت ایک ہی نیتر کیمرہ موجود ہے۔ جلد ہی اور بھی کیمرے خریدنے کیلئے غور جاری ہے۔