گورکھپور۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ ہندو-نیپال سرحد پر حفاظتی بندوبست سخت سے سخت کئے جانے چاہئیں کیونکہ سرحد پر دہشت گردوں کی در اندازی کا امکان رہتا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے نیپال سرحد سے ہندوستان میں دہشت گرد عناصر کی مبینہ طور پر در اندازی پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ڈیڑھ برس میں ۳۰۰ سے زائد دہشت گرد نیپال کے راستے ہندوستان میں داخل ہوئے جو قومی تحفظ کیلئے فکر مندی کا باعث ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اترپردیش، بہار اور مرکزی حکومت دہشت گردی کے واقعات کی حوصلہ افزائی کرنے کی حد تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی قیادت میں یو پی اے حکومت کی لاپروائی کی وجہ سے ہی نیپال ہندوستان مخالف سرگرمیوں کی آماجگاہ بن گیا ہے کیونکہ یہاں سے مسلسل ہندوستان مخالف عناصر سرگرم ہوکر پورے ملک کو کمزور کرنے کی سازش کر رہا ہے۔