لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ چنہٹ علاقہ میں رہنے والے ایک مالی کے چھپر میں آگ لگانے والے ملزمین کو پولیس نے آج گرفتار کر لیا ہے۔ اس معاملہ میں پکڑے گئے ملزمین کے دوبیٹوں کے خلاف بھی نامزد رپورٹ درج ہے۔ چنہٹ کے جگور ددھرا گاؤں کا باشندہ راجیش کمار یادو ایک پرائیویٹ کمپنی میں بطور مالی کام کرتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تیرہ خاص گاؤں کے رہنے والے شتروگھن یادو کی بھی ددھرا گاؤں میں سسرال ہے۔ گاؤں میں ایک گرام سبھا کی زمین کو لیکر شتروگھن یادو اور راجیش کمار یادو کے درمیان تنازعہ چل رہا ہے۔ متنازعہ زمین پر ہی راجیش کمار یادو نے اپنا چھپر ڈال رکھا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ گیارہ جولائی کی شام شتروگھن اور اس کے دو بیٹوں سرویش اور پرویش نے راجیش کے چھپر میں آگ لگا دی تھی۔اس معاملہ میں راجیش نے شتروگھن اور اس کے دونوں بیٹوں کے خلاف چنہٹ کوتوالی میں رپورٹ درج کرائی تھی۔ اتوار کو اس معاملہ میں پولیس نے نامزد ملزم شتروگھن یادوکو گرفتار کر لیا ہے۔