لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ریاستی سماج وادی حکومت کو بدنام کرنے کیلئے بھارتیہ جنتا پارٹی امریکی ایجنسی کا سہارا لے رہی ہے۔ مذکورہ رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مرکزی نشاد یونین کے مرکزی سکریٹری و سماج وادی پارٹی کے لیڈر لوٹن رام نشاد نے کہا کہ امریکی ایجنسی نے اترپردیش کی سیریا ، بنگلہ دیش و عراق سے موازنہ کرتے ہوئے خبروںکی اشاعت کرائی ہے جس میں بی جے پی کی ساز بازہے۔ انہوں نے ایف ڈی آئی کے مدعہ پر کہاکہ جب یو پی اے کی حکومت ایف ڈی آئی لانے کی کوشش کررہی تھی تو یہی بھارتیہ جنتا پارٹی اس کی مخالفت کرتی تھی اور جب نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کی حکومت بنی ہے تو وہ بیمہ شعبہ میں ۴۹ فیصدی ایف ڈی آئی کو منظوری دلانے کی کوشش کر رہی ہے جو امریکہ کو خوش کرنے کی بی جے پی
کی پہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں بی جے پی حکومت ریل کو کانکنی شعبوں میں بھی ایف ڈی آئی نافذ کرنے بین الاقوامی کمپنیوں سے سمجھوتہ کرنے کا قدم اٹھائے گی جو ریزر طبقہ کیلئے خطرہ کی گھنٹی ہے کیونکہ ایف ڈی آئی و بین الاقوامی کمپنیوں کی دخل اندازی سے نجکاری کو فروغ ملے گا۔ مسٹر نشاد نے مزید کہا کہ ریاستی بی جے پی گورنر رام نائک کو بی جے پی ایجنٹ کی شکل میں استعمال کر رہی ہے۔
آئے دن بی جے پی صدر سمیت بی جے پی لیڈران گورنر سے ملاقات کر کے ریاستی حکومت کے خلاف رپورٹ پیش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی میڈیا محکمہ کی جانب سے موبائل پر پیغام بھیجا گیا کہ تین اگست کو ساڑھے ۹ بجے اترپردیش کے گورنر رام نائک کے انٹرویو کو میڈیا ڈی ڈی نیوز پر نشر کیا جائے گا۔ مذکورہ پیغام بی جے پی میڈیا انچارج منیش شکلا کی جانب سے بھیجا گیا۔ انہوںنے کہا کہ صدر جمہوریہ، گورنر و اسمبلی اسپیکر وغیرہ کا کردار اور فکر پارٹی خیالات سے ہٹ کر ہوتا ہے انہیں کسی پارٹی کے خیالات سے جڑ کر کام کرنا جمہوری نظام کے خلاف ہے۔ مسٹر نشاد نے جسٹس اے آر دوے کی جانب سے عالم کاری کے دور میں حالات حاضرہ کے مدعے اور انسانی حقوق کے چینجز‘ موضوع پر احمد آباد میں منعقد ہو رہے ایک بین الاقوامی جلسہ میں کہا کہ اگر استاد شاگرد جیسی ہماری قدیم روایات رہی ہوتی تو ہمارے ملک میں یہ مسائل (تشدد اور دہشت گردی) نہیں ہوتے۔