لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ گومتی نگر پولیس نے دو چوروں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے پاس سے گوسائیں گنج سے چوری کی گئی ایک لائسنسی بندوق برآمد کی ہے۔ ایس پی ٹرانس گومتی دنیش یادو نے بتایا کہ گومتی نگر پولیس کو آج دوپہر مخبر سے اطلاع ملی کہ دو لوگ چوری کی بندوق کے ساتھ شہید پتھ کے ملیسے مئو گاؤں کے پاس موجود ہیں۔ اس اطلاع پر گومتی نگر اور گوسائیں گنج پولیس کی مشترکہ ٹیم نے شہید پتھ پل کے نزدیک سے دو لوگوں کو پکڑا۔ پولیس کو ان کے پاس سے گوسائیں گنج کے اہیما مئو کے کرشن کمار کے گھر سے چوری کی گئی لائسنسی بندوق ملی۔ پوچھ گچھ میں پکڑے گئے چوروں نے اپنا نام وبھوتی کھنڈ کا باشندہ اوم پرکاش اور جیا لال بتایا۔ برآمد کی گئی بندوق ۱۸۴۷ کی ہے۔ بندوق پر میڈان اسپین لکھا ہواہے۔ کرشن کمار نے پولیس کو بتایا کہ اس کے دادا دیا شنکر شکلا انگریزی فوج میں تھے تب انہوں نے بندوق خریدی تھی۔ اس کے بعد اس کے والد رام موہن شکلا بھی انگریزی فوج میں رہے۔ تب بندوق کا لائسنس ان کے والد کے نام سے آگیا تھا۔ موجودہ دور میں بندوق کا لائسنس کرشن کمار کے نام ہے۔