سرینا ولیمز نے آندریا پیٹکووک کو شکست دیکر وینس کی ہارکا بدلہ لے لیا، ٹاپ سیڈ امریکی اسٹار نے جرمن پلیئر کو کچل کر فائنل میں جگہ بنالی۔اب ٹرافی کیلئے اینجلیک کیربر کا سامنا کریں گی، جنھوں نے دوسرے سیمی فائنل میں وارویرا لیپچنکو کا قصہ تمام کردیا، دوسری جانب واشنگٹن اوپن میں پہلی مرتبہ فائنل میں دو کینیڈین پلیئرز ٹکرائیں گے، میلوس رائونک اور ویساک پوسپیسل کو یہ اعزاز ملے گا، رائونک نے سیمی فائنل میں ڈونالڈ ینگ جبکہ پوسپیسل نے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو کو شکست دے دی۔تفصیلات کے مطابق اسٹینفورڈ خواتین ٹینس ٹورنامنٹ میں ٹاپ سیڈ امریکی اسٹار سرینا ولیمز کے قدم ٹرافی کی جانب بڑھ رہے ہیں، انھوں نے آندریا پیٹکووک کو روند کر فائنل میں جگہ بنالی، آندریا نے کوارٹر فائنل میں سرینا کی بڑی بہن وینس کو ٹھکانے لگایا تھا۔سرینا کی فتح کا اسکور 7-5 اور6-0 رہا، 26 سالہ پیٹکووک سیمی فائنل میں سرینا کیلئے ترنوالہ ثابت نہیں ہوئیں، پہلے سیٹ میں انھوں نے بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے ابتدائی 11 گیم میں اپنی سروس بریک نہیں ہونے دی، تاہم 6-5 کی برتری ملنے پر سرینا نے 12واں گیم جیت کر سیٹ کا نتیجہ اپنے حق میں کرلیا، پہلے سیٹ میں دونوں پلیئرز کے درمیان 50 منٹ تک مقابلہ ہوا تاہم دوسرے سیٹ میں سرینا کا کام نستباً آسان ر ہا اور انھوں نے محض27 منٹ میں بغیر کوئی گیم ڈراپ کیے مقابلہ بھی جیت لیا۔پیٹکووک ایک ہی ایونٹ میں دونوں بہنوں کو شکست دینے والی آٹھویں پلیئر بننے کا خواب دیکھ رہی تھیں لیکن وہ ایسا نہیں کرپائیں، سرینا اور وینس کو اس سے قبل 2010 کے روم ماسٹرز میں جیلینا جینکووچ نے اپنا شکار بنایا تھا، سرینا سیزن میں چوتھی ٹائٹل فتح سے ایک قدم کی دوری پر پہنچ گئی ہیں، اس سے قبل وہ تینوں مواقع پر فائنل تک پہنچنے کے بعد ٹائٹل بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ہیں، انھوں نے برسبین، میامی اور روم ایونٹس جیتے ہیں، آئندہ ہفتے عالمی رینکنگ میں بطور نمبرون پلیئر ان کے 200ہفتے بھی مکمل ہوجائیں گے، رواں برس وہ اب تک کھیلے گئے تینوں گرینڈ سلیم میں کوئی خاص پرفارمنس پیش نہیں کرپائی ہیں۔فائنل میں سرینا کا سامنا ایک اور جرمن کھلاڑی اینجلیک کیربر سے ہوگا، عالمی درجہ بندی میں آٹھویں پوزیشن پر فائز کیربر نے امریکی پلیئر وارویرا لیپچنکو کو 4-6 ، 7-6(7۔4) ، 6-2 سے ٹھکانے لگادیا،کیربر سے باہمی 5 میچزمیں 4 مرتبہ سرینا فاتح بنکر میدان سے باہرآئی ہیں۔