پیلی بھیت۔ (بھاشا)۔ مرکزی وزیر خواتین و اطفال ترقیات مینکا گاندھی نے یہ کہہ کر سیاسی ہلچل پیدا کر دی ہے کہ اگر اترپردیش میں بی جے پی حکومت ہوتی تو بہتر ہوتا اور اگر وہ حکومت ورون گاندھی چلاتے تو اور بھی بہتر ہوتا۔مینکا نے کل تکیا گاؤں میں ایک جلسہ میںکہا کہ ریاست میں اگر ہماری (بی جے پی) حکومت ہوتی تو بہتر ہوتا کیونکہ تب ہم اپنا کام حق سے کرا پاتے۔ اگر وہ حکومت ورون چلاتے تو پیلی بھیت کی چاندی ہی چاندی ہو جاتی۔ مینکا کے اتنا کہتے ہی ورون کے حامیوں نے نعرے لگانے شروع کر دیئے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔’ ہمارا سی ایم کیسا ہو ،ورون گاندھی جیسا ہو‘۔ جلسہ کا انعقاد در اصل ورون گاندھی یوتھ بریگیڈ نے کیا تھا۔ مینکا نے حالانکہ کہا کہ یہ مستقبل کا معاملہ ہے۔ آپ کو آج جو بات کہنی ہو ابھی کہیے۔ مرکزی وزیر نے اپنی تقریر میں ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو اور ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایس پی سربراہ جانچ بوجھ کر اترپردیش کے عوام کا استحصال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد بجلی اور سڑک جیسی اہم سہولیات بند کر دی گئیں صرف اس لئے کہ بی جے پی نے زیادہ سیٹیں جیت لیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لوگوں کو نیچا دکھانے کیلئے ایسا کیا جا رہا ہے۔