لکھنؤ(نامہ نگار)سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنما اور ریاستی وزیر تعمیرات عامہ شیو پال سنگھ یادو نے آج سماجوادی مفکر آنجہانی جنیشور مشرا کے یوم پیدائش کی ماقبل شام جنیشور مشرا پر مبنی’ای-بک‘کا اجراء کیا۔ ریاستی ہیڈ کوارٹر پر منعقد ایک پریس کانفرنس میں ای-بک کا اجراء کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ جنیشورجی سچے سماجوادی تھے اور وہ ہمیشہ غریبوں کی بات کرتے تھے۔
انہوں نے اپنی پوری زندگی سماجواد اور جمہوریت کو مضبوط کرنے میں لگائی۔ ان کی زندگی سے سادگی اور کمزور طبقے کیلئے جدوجہد کرنے کا حوصلہ ملتا ہے۔ وہ فرقہ پرستی اور تفریق کو معاشرہ کیلئے مضر سمجھتے تھے۔ چھوٹے لوہیا کے ساتھ گذرے لمحات کو یاد کرتے ہوئے شیوپال سنگھ یادو نے کہا کہ جنیشور مشرا ہمارے سرپرست اور آئیڈیل تھے۔ سماجوادی فکر کو ہم لوگوں نے
جنیشور مشرا جی کے ذریعہ سے ہی سمجھاانہوں نے استاد کی حیثیت سے ہمیں بہت کچھ سکھایا۔ مسٹر یادو نے کہا کہ طالب علمی کے دور سے لے کر آخروقت تک وہ عوامی تحریکوں کی قیادت کرتے رہے، ان کے الفاظ آج بھی کانوں میں گونجتے ہیں۔ سماجوادیوں کو ملک کی تقدیر بدلنا ہے تو قربانیوں کیلئے تیار ہونا ہوگا۔ سماجوادیوں کو قومی معاملات پر بحث شروع کرنا چاہئے۔ صرف رہنماؤں کی تقریر سن لینے سے ہی سماجی، اقتصادی تبدیلی کی سیاست نہیں گرمائے گی۔ مسٹر یادو نے کہا کہ امید ہے کہ اس ای بک کو ہمارے نوجوان پڑھ کر سیکھیں گے اور سیاست کی چمک دمک میں نہ پھنس کر فکری سیاست سے منسلک ہوںگے تبھی ملک اور سماج کا بھلا کر سکیںگے۔ اس موقع پر انہوں نے ریوینو محکمہ میں سٹیزن چارٹر نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب لوگوں کو ذات، انکم سرٹیفکیٹ کیلئے بھٹکنا نہیں پڑے گا۔ اس کیلئے وقت مقرر کر دیا گیا ہے۔ لوگوں کو ذات اور انکم سرٹیفکیٹ ایک ہفتے میں مل جائے گا۔ اگر کسی وجہ سے تاخیر ہوگئی تو ۱۵دن میں ضرور مل جائے گا لیکن لیکھ پال کو اس تاخیر کی وجہ بتانا پڑے گی۔
اس موقع پر سماجوادی پارٹی کے رہنما دیپک مشرا نے کہا جنیشور جی عام آدمی کے درد کو سمجھتے تھے۔ سماجوادی پارٹی تحریک کو مزید وسیع بنانا ہی چھوٹے لوہیا کو سچا خراج عقیدت ہوگا۔ اس موقع پر کابینی وزیر شیو کانت اوجھا، نارد رائے، راجندر چودھری، ایس آر ایس یادو، جنیشور مشرا کی بیٹی مسز مینا تیواری، داماد چندر شیکھر تیواری، دھرما نند تیواری، راجیش اگروال سمیت کئی سماجوادی رہنما موجود تھے۔